مظفرگڑھ؛ ریسکیو1122 نے یوم عاشورہ پر 102 سے زائد جلوسوں اور بڑی مجالس پر میڈیکل کور فراہم کیا

20

مظفرگڑھ، 19 اگست(اے پی پی ): انچارج ریسکیو1122 ایمرجنسی سروس ڈاکٹر حسین میاں کے مطابق  یوم عاشورہ پر ریسکیو 1122 نے ضلع بھر میں 102  سے زائد جلوسوں اور بڑی مجالس پر میڈیکل کور فراہم کیا ہے ۔ ریسکیو1122نے اب تک ضلع بھر میں زنجیر زنی کے دوران زخمی 600 سے زائد عزاداروں کو طبعی امداد فراہم کی ہے۔

ڈاکٹر حسین میاں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع بھر میں 300 سے زائد ریسکیو اہلکار اور 50 سے زائد ریسکیو رضاکار، 35 سے زائد ایمبولینسز، فائیر وہیکلز اور ریسکیو وہیکل نے جلوسوں اور مجالس پر ایمرجنسی کور فراہم کیا ہے، حکومتی  ہدایات کے مطابق تمام ریسکیورز نے کورونا ایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے، محرم الحرام کی ڈیوٹیز سرانجام دی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے جوانوں نے مکمل جوش و جزبہ سے اپنے فرائض سر انجام دیئے ہیں اور ریسکیو کنٹرول روم صورتحال کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کرتا  رہا ہے  ۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے شب عاشور اور یوم عاشور پر  شہر بھر کی امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے دورہ کے دوران امام بارگاہوں کے منتظمین سے ملاقات بھی کی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔