مظفرگڑھ ، 14اگست (اےپی پی )ملک بھر کی طرح مظفرگڑھ میں بھی جشن آزادی بھر پور طریقے سے منایا گیا۔مظفرگڑھ میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ،جشن آزادی کی مرکزی پرچم کشائی کی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی۔قومی ترانے کے بعد ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین اور ڈی پی او حسن اقبال نے پرچم کشائی کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ یو م آزادی تجدید عہدوفا کا دن ہے، اس دن ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم پاکستان کو عظیم ملک بنانے میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں اور جدوجہد کی لازوال مثال ہے۔آج کے دن ہم سب کو وعدہ کرنا چاہیے کہ ہم پاکستان کو قائدو اقبال کے افکار کے مطابق فلاحی اسلامی مملکت بنانے کیلئے اپنے اپنے حصے کا کام مکمل ایمانداری سے کریں گے۔
ڈی پی او حسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کے دن ہم سجدہ شکر ادا کرتے ہیں کہ اللہ نے ہمیں آزادی کی نعمت سے سر فراز کیا اور ہمیں پاکستان کی صورت میں ایک آزاد ملک عطاکیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا ماضی،حال اور مستقبل تانباک ہے، ماضی میں ہمارے اجدادنے قربانی دیکر آزاد ملک حاصل کیا جو ایک ایٹمی طاقت ہیں اور مستقبل یہ ہے ہم انشااللہ مسلم امہ کی قیادت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج اور سلامتی کے ادارے دنیا میں ایک مقام رکھتے ہیں۔ افواج پاکستان اور پولیس کے جوانوں کی قربانیوں کی بدولت آج پاکستان ایک مضبوط اور پرامن ملک بن چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم سب کو پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
تقریب سے خطاب کر تے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما صدام سکھیر انے کہا کہ پاکستان بنانے کیلئے ہماری نسلوں اور ہمارے خاندان نے جانوں کی قربانی دی اور آج اگر ضرورت پڑی تو پاکستان کی خاطر ہم بھی اپنی جان کی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے۔تقریب سے سماجی رہنما ام کلثوم سیال نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے اختتام پر ڈی پی او حسن اقبال اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ نے جشن آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا۔