ملتان، 07 اگست (اے پی پی ): صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک کی صدارت میں محرم الحرام کے سلسلہ میں اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور سی پی او منیر مسعود مارتھ سمیت ضلعی حکام نے شرکت کی۔اراکین اسمبلی جاوید اختر انصاری،واصف مظہر راں،میاں طارق،سلیم لابر ،سبین گل اور امن کمیٹی کے ارکان بھی شامل ہوئے۔
صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ ضلع میں محرم الحرام کے موقع پر مثالی امن و امان قائم رکھا جائے گا، حکومت پنجاب نے محرم الحرام پر سیکورٹی ریڈ الرٹ رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ ماتمی جلوسوں اور روٹس پر تمام تعمیراتی کام مکمل کئے جارہے ہیں۔ میپکو،سوئی گیس،واسا،ویسٹ منیجمنٹ کمپنی سمیت تمام ادارے مکمل الرٹ ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ امن کمیٹی کے ارکان ضلعی انتظامیہ سے مکمل رابطے میں ہیں۔
سی پی او منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ ضلع میں 485 ماتمی جلوس اور 1533 مجالس کا انعقاد کیا جائے گا،محرم الحرام میں 13 علماء کی زبان بندی اور 30 علماء کو ضلع پابند کیا گیا ہے جبکہ تمام حساس مقامات سمیت عبادت گاہوں کی سیکورٹی ریڈ الرٹ رکھی جائے گی۔