ملتان؛ محرم الحرام کے موقع پر انتظامیہ و پولیس قیام امن کیلئے مکمل الرٹ

10

ملتان ،17اگست  (اے پی پی ): محرم الحرام کے موقع پر انتظامیہ و پولیس قیام امن کیلئے مکمل الرٹ ہیں ، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کیپٹن ریٹائرڈ  ظفر اقبال اعوان،ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور سی پی او منیر مسعود مارتھ نے شہر  کے  ہنگامی دورے کیئے ۔ ایڈیشنل آئی جی اور ڈپٹی کمشنر نے سی پی او کے ہمراہ ممتاز آباد روٹ کا معائنہ بھی کیا۔کیپٹن ریٹائرڈ  ظفر اقبال اور ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے روٹس پر سکیورٹی انتظامات کو چیک بھی کیے۔ سی پی او منیر مسعود مارتھ نے امن و امان کے حوالے بریفننگ دی۔

 ایڈیشنل آئی جی کیپٹن ریٹائرڈ  ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں امن و امان کی مثالی صورتحال ہے، امن و امان خراب کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، پولیس اور انتظامیہ  نے محرم روٹس پر مثالی انتظامات کئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے روٹس پر انتظامات بروقت مکمل کئے ہیں، تمام جلوسوں اور مجالس میں کرونا ایس ایس پی پیز کا مکمل خیال کیا جارہا ہے۔

 علی شہزاد نے کہا کہ سول سوسائٹی اور علماء کرام قیام امن کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔  سی پی او  منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ حساس مقامات اور مجالس پر خصوصی سکریننگ کی جارہی ہے، کسی بھی شرپسندی سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی ادارے فوری حرکت میں آئیں گے، علماء کرام امن کمیٹی کے فورم سے امن کا پیغام عام کریں۔