ملتان شہر میں فراہمی و نکاسی آب کی سہولیات کو مزید بہتر کرنے کیلئے تیزی سے اقدامات جاری ہیں؛ایم ڈی واسا ناصر اقبال

25

ملتان، 30 اگست (اے پی پی ):  منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال نے کہا ہے  کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ملتان شہر میں فراہمی و نکاسی آب کی سہولیات کو مزید بہتر کرنے کے لئے تیزی سے اقدامات جاری ہیں شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج اور واٹر سپلائی کی بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی کے میگا پروجیکٹس پر کام جاری ہے جب کہ ڈسپوزل اسٹیشنز کو بھی اپ گریڈ کر کے شہری علاقوں سے بر وقت نکاسی آب کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

 انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز رکن پنجاب اسمبلی بیرسٹر  وسیم خان بادوزئی کے ہمراہ بوسن روڈ بائی پاس کے قریب خان ویلیج ڈسپوزل اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خان ویلیج ڈسپوزل اسٹیشن کی اپ گریڈیشن منصوبے کے تحت 1، 1 ہزار میٹر کی دو فورس مین کو تبدیل کیا جا رہا ہے، ( 48) انچ قطر کی اعلی معیار کی حامل ایچ ڈی پی ای (HDPE) لائن کی تنصیب سے ڈسپوزل اسٹیشن کی کارکردگی میں بھرپور اضافہ ہوگا اور اب تک (1) ہزار میٹر کی ایک فورس مین کی تبدیلی کا کام کامیابی سے مکمل کیا جا چکا ہے اور ایک پمپ ہاوس کو باقاعدہ آپریشنل بھی کر دیا گیا ہے جبکہ ایک فورس مین کی تبدیلی کا کام آئندہ ایک ماہ کے اندر مکمل کرلیا جائے گا اور اس منصوبے کی تکمیل سے بوسن روڈ ، شالیمار کالونی، گلگشت کالونی، نیو گلگشت، ماڈل ٹاون، واپڈا ٹاون، بہادر پور، ملتان پبلک سکول روڈ سمیت دیگر علاقوں کے سیوریج کے پانی کا بروقت اخراج یقینی بنایا جا سکے گا۔

ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔