ملکی سلامتی کے خلاف بھارت، اسرائیل اور این ڈی ایس کی سازشوں کو مل کر ناکام بنانا ہے؛فاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

18

اسلام آباد،9اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کے خلاف بھارت، اسرائیل اور این ڈی ایس کی سازشوں کو مل کر ناکام بنانا ہے، بھارت اور اسرائیل ہمارے امن کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں، داسو سانحہ کے حوالے سے وزارت داخلہ نے تحقیقات مکمل کر لی ہیں، وزارت داخلہ کو اسلحہ لائسنس کے اجرا کا اختیار مل گیا ہے، ممنوعہ بور کا اسلحہ لائسنس وزیر داخلہ اور غیر ممنوعہ بور کا لائسنس سیکرٹری داخلہ جاری کر سکیں گے۔

 پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ  رشید احمد نے کہاکہ سی پیک میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جا سکتی۔   یہ  ملک کی بد نصیبی ہے  کہ اپوزیشن کو سمجھ نہیں آرہی کہ آئندہ چھ ماہ میں اس خطے میں کیاحالات ہونے جارہے ہیں۔انہوں نےعزاداران سے اپیل ہے کہ وہ  کورنا وبا  کے باعث محرم الحرام کے دوران این سی او سی کے ایس او پیزپر عمل کریں۔  انہوں نے کہاکہ 13 اگست کو لال حویلی میں گزشتہ 40 سال سے جشن آزادی کی خوشی میں کی جانے والی آتش بازی  احترام محرم الحرام کی وجہ سے منسوخ کرتا ہوں۔

 وزیر داخلہ شیخ  رشید احمد نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے پر قانون کااطلاق ہو گا۔ اسلام آباد میں سکیورٹی کے لئے 2 ہزار پولیس اہلکاروں کی بھرتی کی ڈیمانڈ کررہے ہیں ۔ ان میں سے ایک ہزار ابھی اور ایک ہزار بعد میں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چینی ویکسین جن ممالک میں قابل قبول نہیں ہے ان کا سفر کرنے کے لئے 7 ایام میں سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ای الیون میں نالے کو 40 فٹ سے 18 فٹ پر لانے والوں کے خلاف کاروائی کریں گے۔

 چینی سفیر سے ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی لازوال ہے۔چینی سفیر  سے  ایک ہفتے میں دو تفصیلی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ سی پیک کے راستے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔ سی پیک کے لئے پوری قوم یک زبان ہے۔ جس طرح پوری قوم کشمیر کے جدوجہد آزادی کے ساتھ کھڑی ہے ۔اسی طرح سی پیک کے ساتھ کھڑی ہے۔ جو لوگ اس ملک میں انتشار، خلفشار پھیلانے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں  انہیں  منہ کی کھا نا  پڑے گی ۔ انہوں  نے محرم الحرام کے حوالے سے کہا کہ قوم سے کہتے ہیں کہ اپنے عقیدے کو چھوڑنا نہیں ہے اور کسی کے عقیدے کو چھیڑنا نہیں ہے۔

 داسو وا قعہ  کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کی تحقیقات وزارت داخلہ کے پاس ہے اور اداروں نے یہ تحقیقات مکمل کر لی ہیں لیکن اس کا اعلان  وزیر خارجہ کریں گے۔ افغان سفیر کی بیٹی کے ساتھ پیش آنےوالے  واقعہ  کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغان وفد گزشتہ روز یہاں سے واپس گیاہے ، انہیں ہم نے مختلف علاقوں کا دورہ کروایا ہے۔ ان کو تمام ریکارڈ اور فوٹیج بھی دکھائی ہے۔ ہم نے ان سے کہا ہے کہ  سفیر کی بیٹی کو یہاں بھیجاجائے اور جرمن موبائل فرانزک کے لئے  جو چاہیے وہ بھی فراہم کیاجائے۔

نواز شریف کے پاسپورٹ کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ان کے پاسپورٹ کی معیاد فروری میں ختم ہو چکی ہے ۔ان کے پاس دو ہی راستے ہیں کہ یاتو وہ اپیل کریں یا سیاسی پناہ لے لیں لیکن میرے خیال میں وہ سیاسی پناہ نہیں لیں گے۔پاکستان اور افغانستان کے درمیان باڑ لگانے کا کام 96 فیصد تک مکمل ہے۔ چمن کے بارڈر کی وجہ سے بہت سے نقل و حمل بند ہو گئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزارت داخلہ کو اسلحہ لائسنس کے اجرا کی اجازت مل گئی ہے۔ ممنوعہ بور کا اسلحہ لائسنس وزیر داخلہ اور غیر ممنوعہ بور کا لائسنس سیکرٹری داخلہ جاری کر سکیں گے، اس حوالہ سے قواعد و ضوابط مرتب کئے جا رہے ہیں اور انہیں سخت بنایا جا رہا ہے، عوام کو بھی اس حوالہ سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے، ضروری ہوا تو اس سلسلہ میں اشتہار بھی دیں گے، اسلحہ لائسنسز اب صرف ٹیکس دہندگان کو ہی جاری کئے جائیں گے، وہ دور ختم ہو گیا جب ایک ایک لاکھ اسلحہ لائسنس جاری کئے جاتے تھے۔

 اسلام آباد میں سٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی روک تھام کے لئے آئی جی اسلام آباد کو ہدایات جاری کی ہیں تاہم اس کا ناکوں سے کوئی تعلق نہیں۔  انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم  عمران  خان اسلام آباد میں کسی بھی  ہنگامی صورتحال سے نمٹنے  کے لئے   ریسکیو سروس 1122 کی20 گاڑیوں کا  جلد افتتاح  کریں گے۔ اسلام آباد میں 190 مزید کیمرے نصب کئے جانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ لیڈیز پولیس کی نفری بڑھانے اور انہیں جدید سہولیات سےمزین کرنے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا طرز سیاست بہتر ہے۔ میں اس کے ساتھ کھڑا ہوں۔ جو عمران خان کے خلاف سیاسی لڑائی لڑے گا میں اس کےخلاف عمران خان کے ساتھ کھڑاہوں گا۔