ملک میں تیل اور گیس کی تلاش کے لئے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کو مختلف بلاک میں تیل و گیس کی تلاش کے لئے 5 لائسنس جاری

15

اسلام آباد،16اگست  (اے پی پی):ملک میں تیل اور گیس کی تلاش کے لئے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کو مختلف بلاکس میں تیل و گیس کی تلاش کے لئے 5 لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔

 اس سلسلہ میں پیر کو یہاں منعقدہ تقریب میں سیکرٹری پٹرولیم ڈاکٹر ارشد محمود اور ڈائریکٹر جنرل پٹرولیم کنسیشنز عبدالجبار میمن اور منیجنگ ڈائریکٹر او جی ڈ ی سی ایل شاہد سلیم نے لائسنسوں کے اجرا کے لئے معاہدوں پر دستخط کئے ۔تقریب میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر بھی موجود تھے۔

 او جی ڈی سی ایل کو دیئے گئے بلاکس میں   بلاک نمبر26-3372 (حضرو) ، بلاک نمبر 7-2972 (وہاڑی)، بلاک نمبر 8-2972 (ستلج)، بلاک نمبر 23-2672 (کھیواڑی ایسٹ) اور بلاک نمبر 1-3471 (نوشہرہ) شامل ہیں۔

 اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ حکومت درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے چند سالوں میں ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائرسے پیداوار شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تیل و گیس کی تلاش کے لئے جاری ہونے والے لائسنسوں سے نہ صرف سرمایہ کاری بڑھے گی بلکہ ملک میں توانائی کی طلب و رسد کو بھی پوراکرنے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ تیل و گیس کے علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے او جی ڈ ی سی ایل کثیر رقم خرچ کرے گی۔ امید ہے کہ ان پانچ نئے بلاکس میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوں گے۔