موجودہ حکومت خواتین کو مساوی حقوق اور مواقع یقینی بنانے کےلئے پر عزم ہے،وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان

11

کوئٹہ، 25 اگست(اے پی پی): وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے نیشنل کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن کی چیئر پرسن محترمہ نیلوفر بختیار نے وزیر اعلی ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات محترمہ بشریٰ رند، پارلیمانی سیکرٹری وومن ڈیویلپمنٹ محترمہ ماہ جبین شیران، رکن قومی اسمبلی محترمہ منورہ منیر بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں بلوچستان میں وومن کمیشن کے قیام، خواتین کی معاشی و سماجی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور بلوچستان میں وومن کانفرنس کے انعقاد پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ موجودہ حکومت خواتین کو مساوی حقوق اور مواقع یقینی بنانے کےلئے پر عزم ہےخواتین ہرشعبے میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کررہی ہیں، خواتین، قومی اور عالمی سطح پر اپنے اپنے شعبوں میں فوقیت حاصل کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار وومن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے فنڈز میں ریکارڈ اصافہ کیا گیا ہے۔ صوبے میں پہلہ گرلز کیڈٹ کالج تعمیر کرنے کا منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا گیا۔ اسی طرح 17 نئے گرلز کالجز بھی تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ وزیراعلی نے خواتین کو با اختیار بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد بلوچستان میں وومن کمیشن کا قیام عمل لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں باقاعدہ وومن اکنامک فنڈ کے قیام کا منصوبہ شامل کیا گیا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ خطے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئٹہ میں وومن ٹی 20 کرکٹ لیگ کا انعقاد کرایا گیا ہے جس کو بھرپور انداز میں پذیرائی ملی ہے۔ اس موقع پر چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن محترمہ نیلوفر بختیار نے حکومت بلوچستان کی جانب سے خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور وومن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے فنڈز میں ریکارڈ اصافہ پر بے حد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی کارکردگی کو سراہا۔ محترمہ نیلوفر بختیار نے اس موقع پر وزیر اعلی کو اپنے ادارے کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی۔