ملتان،15اگست (اے پی پی):وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے درپیش چیلنجوں کے مقابلے کے لئے وزیراعظم عمران خان کے اقدامات کو عالمی سطح پرپذیرائی ملی ہے۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے اتوار کو یہاں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زیراہتمام جناح پارک میں وزیراعظم کی گرین پاکستان مہم کے سلسلے میں پودالگانے کے بعدمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وزیرخارجہ نے
کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے ماحولیاتی امورپربھرپورتوجہ دی ہے اور شجرکاری مہم کا آغازکیاہے،پاکستان کو سرسبزوشاداب بنانے کے لئے یہ مہم کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ترقی پذیرملکوں میں پاکستان ماحولیاتی مسائل کے حل میں قائدانہ کرداراداکررہاہے، پاکستان کی ان کاوشوں کوسعودی عرب اوردیگرعرب ممالک میں بھی سراہاگیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایاکہ اکتوبرمیں سعودی عرب میں جو ماحولیاتی کانفرنس ہورہی ہے، وزیراعظم عمران خان اس کے کلیدی مقرر ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے نئی نسل میں شجرکاری کے حوالے سے آگاہی پیداکی اورلوگوں کو اس کی اہمیت سے روشناس کروایا۔
وزیرخارجہ نے ڈویژنل انتظامیہ اورتمام سرکاری محکموں کے شجرکاری مہم کے حوالے سے اقدامات کوسراہا تاہم انہوں نے کہاکہ اس مہم میں عام لوگوں کو بھی حصہ لیناچاہیے تاکہ ہم غیرمعمولی کامیابی حاصل کرسکیں۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہاکہ پی ایچ اے نے شہرکے 62پارکوں اوران میں موجود 115کلومیٹرواکنگ ٹریکس کوخوبصورت بنانے میں اہم کردار اداکیاہے۔
اس موقع پرمحکمہ شہری ترقی وہاؤسنگ جنوبی پنجاب کے سیکرٹری لیاقت چٹھہ اوراعجازجنجوعہ بھی موجودتھے۔