اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):یو م شہدائے پولیس کے موقع نیشنل ہائی ویز اینڈموٹر وے پولیس کے شہدا اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے بدھ کے روز موٹروے پولیس لائنز ہیڈ کواٹر اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کو جدید آلات سے لیس کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ پاک فوج اور پولیس ملک دشمن عناصر کا بھر پور طریقے سے مقابلہ کر رہی ہے۔ شہداء کے قربانیوں کے باعث ملک میں امن اور سیاحت کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری مواصلات ظفر حسن نے کہا کہ مسلح افواج اور پولیس کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور شہید ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ان افسران کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے جام شہادت نوش کرکے محکمہ کا نام سربلند کیا۔ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ایثار اور قربانی کی تاریخ رقم کی ہے۔آج کے دن شہدائے پولیس کے لواحقین کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے لخت جگر وطن پر قربان کئے۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویزپولیس کے قیام سے لے کر تاحال44افسران نے جام شہادت نوش کیا ہے۔ جس میں ایک خاتون آفیسر بھی شامل ہیں۔ سلام ان شہداء کو جنہوں نے اپنے آج کو ہمارے کل کیلئے قربان کر دیا۔ان شہیدوں کے عظیم خاندانوں کو سلام جن کے سپوت وطن عزیز پاکستان کو محفوظ رکھنے اور امن و امان کو قائم رکھنے کے لئے قربان ہو گئے۔ خراج تحسین ان شہیدوں کو جو پاکستان کے طول و عرض پر پھیلی شاہراؤں کو محفوظ بناتے ہوئے شہید ہو گئے۔ ناصرف آج کا دن بلکہ ہردن شہداء کی قربانیوں کی یاد دلاتا رہے گا۔ شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس شہداء کے ورثاء کی فلاح و بہود کے لئے ہروقت کوشاں ہے۔شہداء ہمارے محسن ہیں اور شہداء نے اپنے خون سے اس محکمے کا نام روشن کیا ہے۔زندہ قومیں ہمیشہ اپنے شہداء کو یاد رکھتی ہیں۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کا ادارہ بھی روایا ت کی پاسداری کرتے ہوئے شہداء اور انکے لواحقین کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی بالا دستی کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ پولیس ہماری حفاظت اور قانون کی بالادستی کیلئے ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید، وفاقی سیکرٹری مواصلات ظفر حسن اور انسپکٹر جنرل ڈاکٹر سید کلیم امام نے شہداء کے ورثاء اور لواحقین تحائف پیش کئے۔ تقریب کے اختتام پر گرین پاکستان مہم کی مناسبت سے موٹروے پولیس لائینز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کے احاطے میں پودے بھی لگائے گئے۔