اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ضمانت دیتا ہوں کہ نواز شریف وطن واپس آئیں وہ سیدھے جیل جائیں گے، مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کی بیماری سے متعلق 9 بیانیے اختیار کئے، وہ بتائیں ان کا حقیقی بیانیہ کونسا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف بیماری کا بہانہ بنا کر ہر صورت یہاں سے جانا چاہتے تھے، مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کی بیماری سے متعلق 9 بیانیے اختیار کئے، ان سے پوچھا جائے کہ ان کا ایک بیانیہ کونسا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باجی، باجی بریگیڈ، نواز شریف، شہباز شریف اور ان کے حامی اور سیاستدانوں نے ان کی بیماری سے متعلق تھرتھلی مچا دی اور بار بار کہا کہ وہ بیمار ہیں ، یہ ان کا پہلا بیانیہ تھا، پھر عدالت نے پوچھا کہ نواز شریف کی زندگی کو کچھ ہوا تو ذمہ دار کون ہو گا، پھر یہ بیانیہ آیا کہ نواز شریف شدید علیل ہیں، وہ بیرون ملک نہ گئے اور انہیں کچھ ہو گیا تو ذمہ دار کون ہو گا، ان کا سخت علاج چل رہا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ جب نواز شریف بیرون ملک چلے گئے تو یہ بیان آیا کہ کورونا کی وجہ سے ان کا علاج رک گیا ہے، پھر مریم صفدر اور شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ میاں صاحب ٹھیک ہیں اور علاج مسئلہ نہیں بلکہ مسئلہ یہ ہے کہ انہیں انصاف ملے، وہ جسٹس قیوم والا انصاف چاہتے تھے، ان کا کہنا تھا کہ مرضی کا انصاف ملے تو نواز شریف واپس آ سکتے ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ باجی مریم نے کہا کہ جسٹس قیوم والے انصاف کی ضمانت دو تو آج ہی والد کو واپس لے آتی ہوں، پھر اب یہ بیان آیا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس گر گئے ہیں، وہ جہاز میں سفر نہیں کر سکتے، جب وہ ٹھیک ہوں گے تو واپس آئیں گے، میڈیا ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان سے ان کے بیانیہ کے بارے میں پوچھے کہ کس میں کیا حقیقت ہے۔