نائیجیریا پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات بڑھانے کیلئے ابو جا انٹر نیشنل ٹریڈ فیئر کا اہتمام کررہا ہے،نائیجیریا کے ہائی کمشنر کا فیصل آباد چیمبرمیں تقریب سے خطاب

36

فیصل آباد۔25اگست  (اے پی پی):نائیجیریا پاکستان سمیت دوسرے ممالک کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات بڑھانے کیلئے نومبر میں ابو جا انٹر نیشنل ٹریڈ فیئر کا اہتمام کررہا ہے تاکہ دنیا کو نائیجیریا اور افریقہ کے تجارتی پوٹینشل کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔ یہ بات پاکستان میں تعینات نائیجیریا کے ہائی کمشنر محمدبیلو ابیوئے نے بدھ کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور نائیجیریا کے دوستانہ تعلقات کے باوجود ہمارا دو طرفہ تجارتی حجم پوٹینشل سے بہت کم ہے جسے بڑھانے کیلئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔  انہوں نے پاکستان کی طرف سے آمد پر ویزا دینے کی پالیسی کو سراہا اور کہا کہ نائیجیریا بھی غیر ملکیوں کو اس قسم کی سہولت دینے پر غور کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نومبر میں ہونے والے بین الاقوامی میلے میں شرکت کرنے والوں کو بھی زیادہ سے زیادہ ویزے دیئے جائیں گے جبکہ اس سلسلہ میں کسی بھی پریشانی کی صورت میں ہائی کمیشن سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے برآمد کنندگان اس میلے میں شرکت کے ذریعے نہ صرف نائیجیریا بلکہ دوسرے افریقی ملکوں کو بھی اپنی برآمدات بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میلے میں تقریباً ہر قسم کی مصنوعات کی نمائش کی جا سکتی ہے اسلئے توقع ہے کہ اس میں بڑی تعداد میں پاکستانی برآمد کنندگان اپنے سٹال لگانے کے علاوہ اس میں شرکت بھی کریں گے۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر چوہدری طلعت محمود نے نائیجیریا کے ہائی کمشنر محمدبیلو ابیوئے کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد او رفیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا تعارف کرایا اور بتایا کہ اگرچہ ٹیکسٹائل اس شہر کی شناخت ہے مگر یہاں کیمیکلز، فارما سوٹیکل، بیوریج، سوپ اور خوردنی تیل سمیت دیگر کئی شعبے بھی تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان اور نائیجیریا میں بہترین تعلقات ہیں لیکن اس کے تناسب سے ہماری دو طرفہ تجارت کا حجم بہت کم ہے۔ انہوں نے کورونا کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی وجہ سے جب عالمی معیشت سکڑ رہی تھی پاکستان میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی سے نہ صرف صنعتی، تجارتی اور برآمدی سرگرمیاں جاری رہیں بلکہ بے روزگاری کے مسئلہ پر بھی بخوبی قابو پایا گیا۔ نئے عالمی رجحانات کے مطابق افریقہ کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان افریقی ملکوں سے تجارتی تعلقات بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں نائیجیریا کے ذریعے دوسرے افریقی ممالک تک بھی رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ درآمدی اور برآمدی اعداد وشمار کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ تجارتی توازن نائیجیریا کے حق میں ہے جبکہ فیصل آباد نائیجیریا کی کپڑے کی ضروریات کو بآسانی پورا کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر کے ایک ممبر نے میڈیکل ایکوپمنٹس کے سیمپل بھی نائیجیریا بھیجے ہیں اور توقع ہے کہ فیصل آباد سے اِن کی برآمد کے بھی وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کرونا کی وجہ سے دونوں ملکوں کے تاجروں کے درمیان زوم میٹنگز، تجارتی اطلاعات کے تبادلے، کیٹلاگ کی نمائش، دونوں ملکوں میں تجارتی معاہدے، سنگل کنٹری ایگزی بیشنز اور دونوں ملکوں کے چیمبرز کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخطوں پر بھی زور دیا۔ سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی جس میں ثناء اللہ نیازی، محمد سعید اور دیگر ممبروں نے حصہ لیا۔ آخر میں دونوں اطرف سے شیلڈوں کا تبادلہ بھی ہوا جبکہ عاطف منیر نے مہمانوں کاشکریہ ادا کیا۔ صدر انجینئر حافظ احتشام جاوید بھی اجلاس کے آخری لمحات میں پہنچ گئے۔ انہوں نے نائیجیریا کے سفیر سے ملاقات کی اور بتایا کہ وہ ایک ضروری کام کے سلسلہ میں مصروف تھے جس کی وجہ سے وہ اُن کا خود استقبال نہ کر سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نائیجیریا سے تجارتی تعلقات بڑھانے کے سلسلہ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔