نور مقدم اور مینار پاکستان واقعہ کی متاثرہ خاتون سمیت ملک بھر میں تشدد کا شکار ہر متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی کے لئے ہر طرح کی مدد و معاونت فراہم کی جائیگی۔نیلوفر بختیار

19

کوئٹہ،26 اگست(اے پی پی ):نیشنل کمیشن آن اسٹیٹس آف وویمن کی چئیرپرسن نیلوفر بختیار نے کہا ہے کہ نور مقدم اور مینار پاکستان واقعہ کی متاثرہ خاتون سمیت ملک بھر میں تشدد کا شکار ہر متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی کے لئے ہر طرح کی مدد و معاونت فراہم کی جائیگی ، بلوچستان سمیت تمام صوبوں کا دورہ کرکے خواتین کو درپیش مسائل اور مشکلات کا جائزہ لیکر قابل عمل جامع حکمت عملی مرتب کی جائیگی خواتین کی ترقی کے لئے صحافیوں اور  میڈیا کی  تجاویز کا خیر مقدم کیا جائیگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی صدر شہزادہ ذولفقار  کی سربراہی میں صحافیوں کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر پی ایف یو جے کے مرکزی سئنیر نائب صدر سلیم شاہد،  نیشنل کمیشن آن اسٹیٹس آف  وویمن کی بلوچستان سے رکن فاطمہ ننگیال بھی موجود تھیں ، نیلوفر بختیار نے کہا ہے کہ پاکستان میں ترقی نسواں اور وویمن اسٹیٹس کی بحالی  کے لئے ترجیحات کا  تعین درپیش مسائل اور مشکلات کا جائزہ لیکر ازسر نو کیا جائیگا اس ضمن میں چاروں صوبوں کا دورہ کررہے ہیں یہ ایک خوش آئند بات ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان اور صوبائی حکومت خواتین کی ترقی کے لئے پختہ عزم اور واضح ویژن رکھتے ہیں  پنجاب کے بعد بلوچستان حکومت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں ترقی نسواں سے متعلق غیر معمولی فنڈز مختص کئے گئے ہیں ہمیں امید ہے کہ بلوچستان حکومت کے ان اقدمات کا تسلسل جاری رہے گا اور خوا تین کو معاشرے میں ان کا جائز مقام دینے کے لئے صوبائی حکومت کے یہ اقدامات بار آور ثابت ہونگے-نیلوفر بختیار نے کہا کہ دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق میڈیا سے متعلق جامع پالیسی لائی جاررہی ہے ہم سب  نے ملکر ایک اچھے اور باشعور  معاشرے کی بنیاد ڈالنی ہے انہوں نے کہا کہ خواتین سے متعلق رپورٹنگ کا معیار بہتر بنانے کی ضرورت ہے اس مقصد کے لئے کراچی میں تربیتی پروگرامز کے انعقاد کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے نیلوفر بختیار نے کہا کہ دورہ بلوچستان کے دوران تمام حکومتی ذمہ داران ، سول سوسائٹی اور اسٹیک ہولڈرز نے خواتین سے متعلق اقدامات کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات میں تعاون و معاونت کی بھرپور یقین دہانی کرائی ہے اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ بلوچستان کی خواتین کو قومی دھارے میں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں نیلوفر بختیار نے کہا کہ نیشنل کمیشن آن اسٹیٹس آف وویمن کو خوا تین کی حالت زار کی بہتری اور ترقی کا ایک مثالی اور فعال پلیٹ فارم بنائیں گے اس سلسلے میں زمینی حقائق کے مطابق  موثر حکمت عملی کا تعین کیا جارہا ہے جس پر عمل درآمد سے پاکستان کی خواتین  کو ترقی اور تحفظ کا مثالی ماحول میسر آسکے گا انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہمارے دلوں کے قریب ہے اور یہاں  کی خواتین  کی معاشی و اقتصادی ترقی اور معاشرتی اسٹیٹس کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے اس مقصد کے لئے بلوچستان کے تسلسل سے دورے کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین کو درپیش مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے میڈیا کی سپورٹ اہداف کے حصول کے لئے معاون ثابت ہوگی_۔