ملتان، 20 اگست (اے پی پی ): منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصراقبال کی ہدایت پر واسا کی طرف سے عاشورہ محرم کے حوالے سے فراہمی و نکاسی آب کے خصوصی انتظامات کا سلسلہ 10 محرم الحرام کی شب تک جاری رہا، جلوسوں کی گزرگاہوں پر فراہمی و نکاسی آب اور اردگرد کے علاقوں میں سیوریج شکایات کے ازالے کے لئے 10 محرم الحرام کو تمام سیوریج اور واٹر سپلائی سب ڈویژنوں کی ٹیمیں متحرک رہیں ۔
منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصراقبال نے شہر کے مختلف علاقوں میں محرم جلوس روٹس کا دورہ کرکے انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پاک گیٹ،خونی برج،گھنٹہ گھر،کچہری روڈ،ایم ڈی اے چوک،سورج میانی،دولت گیٹ،علی چوک،افشار چوک،دلی گیٹ سمیت دیگر جلوس روٹس کا بھی معائنہ کیا اور سیوریج ،واٹر سپلائی ڈویژنوں کے انتظامات کو چیک کیا واٹر سپلائی کی سہولت کی فراہمی کے علاوہ مختلف جلوس روٹس پر پینے کے لئے اور وضو کرنے کے لیے واٹر باوذر کے ذریعے عزاداروں کو پانی کی دستیابی بھی یقینی بنائی گئی۔
موبائل سروس کی بندش کے پیش نظر منیجنگ ڈائریکٹر واساناصراقبال ہیڈ آفس میں موجود رہے۔ ڈپٹی کمشنر آفس اور ہیڈ آفس شمس آباد میں قائم کیے گئے کنٹرول روم کے ساتھ مکمل رابطے رکھا گیا اور جلوس روٹس پرواسا سے متعلق ہر شکایت کو فوری طور پر دور کیا گیا جبکہ ایم ڈی واسا نے محرم الحرام کے حوالے سے مجموعی انتظامات پر افسران و ملازمین کی کردگی کو بھی سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔