لاہور، آگست 14(اے پی پی): ارض پاک کے 75ویں یوم آزادی پر آج واہگہ بارڈر پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کی۔
اس دن کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے پاکستان رینجرز کی جانب سے واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پروقار تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
تقریب کے آغاز سے ہی قومی ترانے اور اللہ اکبر کے نعرے شہریوں کا خون گرماتے رہے ۔
واہگہ بارڈر پر ہونے والی تقریب میں رینجرز کے جوانوں کی پرفامنس نے جہاں شائقین کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا تو وہیں عوام نے بھی دل کھول کر جوانوں کے جوش اور جذبے کو سراہا ۔ واہگہ بارڈر کا علاقہ پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا ، فضا میں بلند ہونے والی اللہ اکبر کی صدائیں سرحد پار بھی دور تک سنائی دیتی رہیں۔