اسلام آباد،20اگست (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کے حوالے سے آگاہی مہم مرتب کرنے کی ہدایات جاری کر دیں ہیں تاکہ عوام اور تمام شراکت داروں کو اس عمل کے فوائد سے آگاہ کیا جا سکے ۔
وہ جمعہ کو انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کے استعمال کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کی مجوزہ قانونی ترامیم سے آگاہ کیا گیا۔ ان اقدامات کا مقصد انتخابات کے عمل کو شفاف بنانا ہے۔وزیر اعظم نے اس ضمن میں آگاہی مہم مرتب کرنے کی ہدایات جاری کیں تاکہ عوام اور تمام شراکت داروں کو اس عمل کے فوائد سے آگاہ کیا جا سکے اور بلا جواز تنقید کا حقائق کے ساتھ جائزہ پیش کیا جا سکے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا چوہدری فواد حسین، شبلی فراز، مشیر وزیر اعظم برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور نادرا، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔