سکھر،03اگست(اے پی پی): وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت نیشنل ہائی ویزاینڈ موٹروے پولیس سکھرنے شجرکاری مہم کا آغازکردیا ہے،آگاہی کے لیے روڈ واک بھی منعقد کی گئی۔ موٹروے پولیس سکھر کے مطابق آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سید کلیم امام، ڈی آئی جی مسرور عالم کولاچی اور ایس ایس پی غلام قادر سندھو کی ہدایات پر این ایچ اینڈ ایم پی بیٹ 30، ایم 5 سکھر کی جانب سے سول سوسائٹی کے تعاون سے شجرکاری مہم شروع کی گئی ہے۔
مہم کا آغاز ڈی ایس پی وحید القمر اورآپریشن افسران عبدالرحمان اور دیگر فیلڈ سٹاف نے پودے لگا کر کیا۔ اپنے پیغام میں ڈی آئی جی مسرور عالم کولاچی نے کہاہے کہ درخت لگانے سے موٹروے پولیس لوگوں کو یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ اگر ہم پاکستان کو سرسبز اور صاف دیکھنا چاہتے ہیں تو ضرورت سے زیادہ شجرکاری کریں اور زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔
اس موقع پر درخت لگانے کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے روڈ واک کا بھی انعقاد کیا گیا۔
آخر میں این ایچ ایم پی کے افسران نے پودے لگانے کی اس مہم کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کے لیے اپنے مضبوط ارادوں اور عزم کا اظہار کیا۔