اسلام آباد،17 اگست (اے پی پی ):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ملک میں کھیلوں کے معیار کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بین الصوبائی روابط کی وزارت کو نئی سپورٹس پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیر برائے بین الصوبائی روابط ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو ہدایت کی گئی ہے کہ کھیلوں کے نظام میں اصلاحات کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹس اور سپورٹس فیڈریشن کی کارکردگی کے حوالے سے تمام معاملات کو از سر نو دیکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی روابط کی وزارت کو نئی سپورٹس پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔