کوئٹہ،16اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت وزیراعلی سیکریٹریٹ میں محرم الحرم کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور محرم الحرام کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
آئی جی پولیس محمد طاہر رائے اور دیگر پولیس حکام کی جانب سے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ عاشورہ محرم کے سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے، روٹس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں عاشورہ محرم کے جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جارہا ہے، پولیس، لیویز، ایف سی اور انتظامیہ نے مشترکہ مربوط لائحہ عمل مرتب کیا ہے۔ اجلاس میں افغانستان میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور طریقے سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور عوام کی جان ومال کے تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو، صوبائی وزیر عبدالخالق ہزارہ، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری اور کمشنر کوئٹہ سمیت پولیس کے اعلی حکام نے شرکت کی ۔