لاہور،16 اگست ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں ریسکیوائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اس خطے کا پہلا صوبہ ہے جہاں ریسکیو ائیر ایمبولینس سروس شروع کی جا رہی ہے-
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی،ٹھوکر نیاز بیگ میں خیبر پختونخوا اور کوہ سلیمان کے ریسکیورز کے پاس آؤٹ پریڈ میں شرکت کے دوران خطاب میں کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ریسکیوائیر ایمبولینس سروس کے لئے رواں مالی سال میں بجٹ مختص کر دیا گیا ہے، ریسکیورز کے لئے پنجاب پولیس کی طرز پر رسک الاؤنس کی منظوری پر ہمدردانہ غور کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ ریسکیورز کے 2017 ء سے منجمندالاؤنس کی بحالی پر کام کیا جائے گا،پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ 1122 صوبے کا قابل قدر اور باعث فخر ادارہ ہے،یہ ادارہ پنجاب میں 96لاکھ سے زائد حادثات یا ایمرجنسی صورتحال میں متاثرین کو ریسکیو کی خدمات پیش کرچکاہے ،یہ ایک ریکارڈ بھی ہے اور انسانی خدمت کا ایک اعزاز بھی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں پنجاب خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد جمو ں وکشمیر، سندھ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 20ہزار سے زائد نوجوان پروفیشنل ریسکیورزٹریننگ حاصل کرچکے ہیں ،ہمارے اس ادارے کو اقوام متحدہ سے جنوبی ایشیاء کی پہلی مستندسرچ اینڈ ریسکیور ٹیم ہونے کا ا عزاز بھی حاصل ہے،کورونا کی پہلی لہر سے اب تک ریسکیورز نے فرنٹ لا ئن سولجرز کا کردار ادا کرتے ہوئے خدمات سرانجام دیں ،اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ہزاروں مریضوں کو ہسپتال اورقرنطینہ سنٹرمنتقل کیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں 10برس تک اس ادارے کے بورڈ کا اجلاس نہیں ہوا،ہماری حکومت نے اس ادارے کے بورڈ کے باقاعدہ اجلاس ہوئے اورریسکیورز کی بہتری کے لئے اقدامات کئے،ایمرجنسی سروسز کو مزید منظم کرنے کے لئے قوانین میں ترامیم کر کے ریسکیورز کے لئے سروس سٹرکچر مرتب کیا گیاہے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اب ریسکیورز ترقی کے مواقع حاصل کرسکیں گے،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے 86تحصیلوں تک ریسکیو سروسزکا دائرہ کار بڑھایا، ریسکیورز کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے نئی ایمبولینس گاڑیاں فراہم کیں، موٹر بائیکس ایمبولینس سروس کا دائرہ کار27اضلاع تک بڑھادیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ریسکیو1122 کی خدمات کو سراہتی ہے اور ادارے کی بہتری کے لئے اقدامات کررہی ہے،حکومت نے اس ادارے کوہر طرح کے وسائل پہلے بھی مہیاکئے اور آئندہ بھی کرے گی، ہماری حکومت نے ریسکیو1122 کی استعداد کار اور صلاحیت بڑھانے کے لئے اسے الگ ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ کا درجہ دیا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 کو سیکرٹری کے اختیارات دیئے گئے ہیں، ریسکیورز کا کام صرف ڈیوٹی نہیں بلکہ یہ انسانیت کی خدمت کے مترادف ہے، میں ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر اور ان کی ٹیم کو ایک مرتبہ پھر مبارکباد پیش کرتا ہو ں ۔
اس موقع پر معاون خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختونخوا کامران بنگش نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خیبر پختونخوا کے ریسکیورز کی تربیت کیلئے بہت تعاون کیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبوں کے درمیان اتحاد، بھائی چارے او ریگانگت کی مثال قائم کی ہے، سابق حکمرانوں نے قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش کی،عثمان بزدار نے سب کو جوڑ دیا ۔انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار پنجاب کے ہر دل عزیز وزیراعلیٰ ہیں عثمان بزدار نے پنجاب کی ہر تحصیل او رضلع کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیاہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے 3سال میں 30سال کی شوبازیوں کی تدفین کر دی۔
قبل ازیں ایمرجنسی سروسز اکیڈمی،ٹھوکر نیاز بیگ میں وزیراعلیٰ عثما ن بزدار نے مختلف ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ریسکیورز کے عملی مظاہرے دیکھے، ایمرجنسی میں ریسکیورز کے رسپانس کامشاہدہ کیا، ریسکیورز نے بہترین تربیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریسکیوکی ڈرلز کیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو خاتون ریسکیور نے قومی پرچم پیش کیا اور پاس آؤٹ ہونے والے خیبر پختونخوا اور کوہ سلیمان کے ریسکیورز نے سلامی پیش کی ،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ریسکیورز کی پریڈ کا معائنہ کیا۔
خیبر پختونخوا اورکوہ سلیمان کے پاس آؤٹ ہونے والے ریسکیورز نے مارچ پاسٹ کی۔سردار عثمان بزدار نے تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے خیبر پختونخوا اور کوہ سلیمان کے ریسکیورز کو شیلڈز دیں۔کوہ سلیمان کے ریسکیورز نے وزیراعلیٰ کو سوونیئر پیش کیا۔کامران بنگش نے حکومت خیبر پختونخوا کی طرف سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو خصوصی شیلڈ پیش کی ۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے 393 اور کوہ سلیمان کے 73 ریسکیورز ٹریننگ مکمل کر کے پاس آؤٹ ہوئے ہیں ۔