وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس،لاہور میں گزشتہ دنو ں میں پیش آنے والے بعض واقعات پر پولیس کے ردعمل میں تاخیراور فرائض سے غفلت برتنے پر سخت تشویش کااظہار

22

 

لاہور،20 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مینار پاکستان پر خاتون کے ساتھ دست درازی کے واقعہ اور دیگر واقعات پر پولیس کے ردعمل میں تاخیراور فرائض سے غفلت برتنے پر بے حد برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ خاتون سے دست درازی اور دیگر واقعات کے حوالے سے پولیس کے سست ردعمل پر تشویش ہے، عوام کو پولیس سے بہت توقعات ہیں اور پولیس کو عوامی امنگوں کے مطابق فرائض سرانجام دینا ہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈی آئی جی آپریشنز کو او ایس ڈی بنا دیا گیا،ایس ایس پی آپریشن اور ایس پی سٹی کو عہدوں سے ہٹا دیاگیا،دونوں افسرو ں کو سی پی او آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت رسپانس میں تاخیر اور فرائض سے غفلت برتنے پرڈی ایس پی اور ایس ایچ او لاری اڈہ معطل علاوہ ازیں گریٹر اقبال پارک کے پراجیکٹ ڈائریکٹراور ڈپٹی ڈائریکٹر کو بھی معطل کر دیا گیا۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے خاتون سے پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے بارے میں حتمی ابتدائی رپورٹ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پیش کی اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو واقعہ کے تمام پہلوؤں سے آگاہ کیا گیااور پولیس کے رسپانس کے بارے بھی بریف کیا گیا۔ واقعہ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے ملزمان کی گرفتاری اورشناخت کے حوالے سے بھی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بریف کیا سیکرٹری ہاؤسنگ نے گریٹر اقبال پارک میں پی ایچ اے کی جانب سے سیکیورٹی کی ذمہ داریوں اور مبینہ غفلت کے بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ خاتون سے دست دازی کا واقعہ پر ہر دل دکھی ہے جہاں جس نے بھی غفلت کی ہے وہاں قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔ خاتون سے دلی ہمدردی ہے،ہر صورت انصاف ہو گا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اورپرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ کی نے بھی شرکت کی۔