وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے یورپی یونین، پاکستان فرینڈشپ فیڈریشن،یورپ کے چیئرمین پرویز اقبال لوسرکی سربراہی میں وفد کی ملاقات

21

لاہور،28 اگست(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے یورپی یونین، پاکستان فرینڈشپ فیڈریشن،یورپ کے چیئرمین پرویز اقبال لوسرکی سربراہی میں وفد نے  ہفتہ کو  یہاں  ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اموراوربیرون ملک مقیم پاکستانیو ں کے مسا ئل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کے نہتے کشمیریوں پر مظالم کی شدیدمذمت کی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے  کہا کہ  بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں،اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ وطن کی آواز پر لبیک کہاہے،معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اوورسیز پاکستانی کمیشن کو ایک فعال ادارہ بنایاہے،دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری بھی ہے او رفرض بھی،حکومت پنجاب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق اور املاک کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ  ہمارا ہر قدم ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کی جانب اٹھ رہاہے ،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اس سفر کی جانب گامزن ہے جس کا خواب قائدؒ او راقبالؒ نے دیکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا دھجیاں اڑا رہاہے ،وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر کشمیر کامقدمہ جرات مندانہ انداز سے پیش کیاہے ،کشمیری عوام کی جہدوجد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں او رکھڑے رہیں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کانامکمل ایجنڈا ہے ،کشمیرکاپاکستان سے انمٹ رشتہ ہے اور بھارت، ظلم و جبر سے زیادہ دیر تک کشمیر پر اپنا قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے آمرانہ اقدام کیا،مودی سرکارکے ظلم کی شب ختم ہونے کے قریب ہے۔

یورپی یونین، پاکستان فرینڈشپ فیڈریشن،یورپ کے چیئرمین پرویز اقبال لوسر نے کہا کہ یورپ میں بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیاہے او رکرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسرپنجاب سرمایہ کاری بورڈ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔