وزیراعلی جام کمال خان کی زیرصدارت اجلاس، صوبے کے تمام اضلاع میں اسپورٹس کمپلیکسز کی تعمیر کے منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

11

کوئٹہ،16اگست  (اے پی پی):وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے کے تمام اضلاع میں اسپورٹس کمپلیکسز کی تعمیر کے منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کھیل عبدالخالق ہزارہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری، سیکریٹری خزانہ، سیکرٹری کھیل، سیکرٹری اطلاعات اور کمشنر کوئٹہ سمیت ڈی جی سپورٹس بھی اجلاس میں شریک تھے۔ ڈویژنل کمشنروں نے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوتے ہوئے منصوبے سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔

 سیکریٹری کھیل عمران گچکی نے اجلاس کو اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 27 اضلاع میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیرات پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ کمپلیکسز میں شجر کاری کی جا رہی ہے اور سائٹ دفاتر کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد ضلع کی سطح پر نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقعوں جبکہ خواتین، بچوں اور عام لوگوں کو صحتمندانہ تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہے اور یہ منصوبہ رواں مالی سال کے بڑے ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہے۔

وزیراعلی نے ہدایت کی کہ تمام  سپورٹس کمپلیکسز کے لیے پروجیکٹ انجنئیر لگائے جائیں، داخلی گیٹ پر تاریخی مونومنٹ نصب کرنے جبکہ اسپورٹس کمپلیکسز میں وہ سہولیات فراہم کی جائیں جو پہلے سے دستیاب نہیں۔انہوں نے کہا کہ تعمیر کئے جانے والے اسپورٹس کمپلیکس کا معیار اتنا بلند رکھا جائے گا کہ ان میں بین الاقومی سطح کے مقابلے بھی منعقد کئے جاسکیں۔

 وزیراعلی نے اسپورٹس کمپلیکس میں ڈسپینسری، سپورٹس ارینا اور ریسٹورنٹ کی سہولت مہیا کرنے کی بھی ہدایت کی۔