وزیر اعظم عمران خان چترال کی عوام کے ساتھ خصوصی محبت رکھتے ہیں ، مختلف سڑکوں کی تعمیر کیلئے 65 ارب روپے کی خطیر رقم منظور ہو چکی ہے؛وزیر زادہ کیلاش

30

 

چترال،20اگست(اے پی پی): وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کیلاش نے کہا ہے کہ وزیر اعظم  عمران خان چترال کی عوام کے ساتھ خصوصی محبت رکھتے ہیں اور اس کی ہمدردی کا ثبوت یہ ہے کہ انہوں نے چترال میں مختلف سڑکوں کی تعمیر کیلئے 65 ارب روپے کی خطیر رقم منظور کرکے این ایچ اے کے حوالے کر دی ہے جس سے چترال میں وادی کیلاش، گرم چشمہ، بونی شندور وغیرہ کی سڑکیں تعمیر کیں جائیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرم چشمہ کے مقام پر عوامی اجتماع سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ چترال کے لوگوں نے تحریک انصاف کا ایک بھی رکن منتحب نہیں کیا مگر اس کے باوجود انہوں نے چترال کو تحفے میں خصوصی نشستوں پر تین اراکین دئیے۔انہوں نے بی بی فوزیہ، وزیر زادہ کو صوبائی اسمبلی کے اراکین جبکہ فلک ناز کو سینٹ کا رکن بنا کر چترالیوں پر احسان کیا ہے۔

وزیر زادہ کیلاش نے کہا ہے کہ  گرم چشمہ سے سلیم خان پانچ سال صوبائی وزیر اور پانچ سال صوبائی اسمبلی کے رکن رہے مگر انہوں نے اپنے گاؤں کی سڑک تک تعمیر نہیں کی، اب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں اس کے گاؤں کندو جال کا سڑک بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بعض لوگ منفی پروپیگنڈہ کررہے تھے کہ گرم چشمہ کی سڑک این ایچ اے کو حوالہ ہوا تھی اور اس کی تعمیر کی منظوری بھی ہوئی تھی وہ صرف ہوائی باتیں تھے،اس کو میں نے اپنی کوششوں سے پچھلے سال وفاق کے حوالہ کرکے نیشنل ہائی  وے اتھارٹی کو سپرد کروایا ہے اور اب اس کی تعمیر کا کام بھی جلدی ہوگا۔

معاون خصوصی وزیر زادہ کیلاش نے کہا کہ ہم عمران خان کے جیالے ہیں اور وہ بغیر کسی لالچ یا ذاتی مفاد کے ملک کی دور رس ترقی کیلئے سوچتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مہمند ڈیم بنا رہے ہیں جس کا پورے پاکستان کو فائدہ ہوگا اور شائد عمران خان کیلئے یہ سیاسی طور پر اتنا مفید بھی نہ ہو مگر وہ حکمرانی کے بھوکے نہیں ہیں بلکہ ملک کو سنوارنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔

اسرار صبور نے کہا کہ خان صاحب کی قیادت میں پاکستان بہت جلد ترقی کرے گا اور وہ دن دور نہیں کہ باہر سے لوگ یہاں کام کرنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چین پر زور دیا کہ وہ اپنے کارخانے یہاں لاکر لگائے تاکہ میرا ملک ترقی کرے۔ انہوں نے کہا ماضی میں حکمران ذاتی مفاد کیلئے ڈالر کی قیمت کم رکھتے تھے جس کا ملک کے خزانے پر بوجھ پڑتا تھا اب خان صاحب نے وہ سلسلہ ختم کیا جس سے ڈالر کی قیمت بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا سابقہ حکمران میڈیا کو سالانہ چار ارب روپے دیتے تھے جو ان کے قصیدے پڑتے تھے، عمران خان نے تمام میڈیا والوں کو چار ارب روپے کی رقم بند کروائی  یہی وجہ ہے کہ سارا میڈیا اس  کےکیخلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال کی محتلف وادیوں کی سڑکیں بہت جلد تعمیر ہوں گی  اور بہت جلد شاہ سلیم تک سڑک پختہ کی جائے گی جس سے افغانستان کے ساتھ بھی تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کا ایک بہت بڑا اجتماع شہزادہ امان الرحمان کے رہائش پر منعقد ہوا  جس میں علاقے کے عمائدین اور کارکنوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر کثیرتعداد میں لوگوں نے دوسری سیاسی پارٹیوں کو چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عبد الطیف نے کہا کہ اب تمام اداروں میں بھرتی میرٹ کی بنیاد پر ہوگی جبکہ ماضی میں اراکین اسمبلی اور حکمران درجہ چہارم کی نوکری کیلئے بھی رشوت لیتے تھے۔

شہزادہ امان الرحمان نے عوام پر زور دیا کہ وہ آپس میں اتفاق اور اتحاد سے رہیں اور علاقے کی ترقی کیلئے سب اجتماعی طور پر سوچیں ورنہ ہم کبھی بھی ترقی نہیں کرسکتے ہیں۔

سابقہ ناظم  قیوم خان نے شکایت کی کہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گرم چشمہ جو آغا خان ہیلتھ سروس کے حوالہ ہوا ہے پہلے یہ مریضوں سے بہت زیادہ رقم بٹورتے تھے  جس پر صوبائی حکومت نے ان کے ساتھ دوسرا معاہدہ کیا اور اب ان کی فیس مناسب ہے مگر عوام بار بار شکایت کررہے ہیں کہ اب وہ مریضوں کو صحیح سروس نہیں دیتے اور بعض اوقات کوئی ڈاکٹر بھی موجود نہں ہوتا۔ جس پر وزیر زادہ نے فوری طور پر ڈی ایچ او اور اس ادارے کے منیجر معراج سے پوچھا جنہوں نے تصدیق کرلی کہ یہ ہسپتال اب AKHS کے پاس ہے ان کوتاکید کی گئی کہ مریضوں کی علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

مقررین نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صحت کارڈ کی شکل میں تمام صوبے کے لوگوں کا علاج مفت کیا ہے، اسکے علاوہ اب تمام بھرتی این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ کی بنیاد پر ہوتی ہے جس میں کسی سفارش یا رشوت کی گنجائش نہیں ہے۔

گفتی کے خوبصورت علاقے میں مقامی سی سی بی کے اراکین اور علاقے کے لوگوں نے بھی کثیر تعداد میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ کارکنوں کی کنونشن سے میر اعجم خان،محمد رحیم، شہزادہ امان الرحمان،شربت خان، مجید خان، شیر جہان ساحل، قیوم خان، گور گلا خان،ظہور علی وغیرہ نے بھی اظہار خیال کیا۔

اس کے بعد وزیر زادہ نے وادی آرکاری کا دورہ کیا جو نہایت دور آفتادہ اور پسماندہ ترین علاقوں  میں شمار ہوتا ہے۔ آرکاری کے لوگوں نے ان کا شکریہ ادا کیا اور سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے اس وادی میں سڑک، سکول کی اپ گریڈیشن، ہسپتال وغیرہ کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ سابق ناظم عبد المجید نے شکایت کی کہ آرکاری سڑک کی تعمیر کیلئے صوبائی حکومت نے ایک کروڑ روپے سے زائد رقم دی تھی مگر محکمہ سی  اینڈ ڈبلیو اور ٹھیکدار کی آپس میں ملی بھگت سے وہ رقم خرد برد کا شکار ہو گئی ہے اور سڑک پر کوئی کام نہیں ہوا جبکہ علاقے کے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کی مرمت کا کام کرتے ہیں۔

وزیر زادہ نے گورنمنٹ ہائی سکو ل آرکاری کا دورہ کیا جہاں سکول کے ہیڈ ماسٹر نے شکایت کی کہ لیبارٹری، ٹھیکدار نے نہایت ناقص بنائی ہے، چھت  کسی بھی وقت بچوں پر گر سکتی ہے جس کیلئے اس کے اوپر دوسرا چھت ڈالنا چاہئے تاکہ بارش کا پانی اس کو مزید نقصان نہ دے۔ وزیر زادہ نے وہاں ایک لکڑی کے بنے ہوئے پل کا بھی افتتاح کیا۔

وزیر زادہ نے کہا کہ وہ اس علاقے کی ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے اور خصوصی طور پر اس وادی کی سڑک اگلے دو سال میں مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے سکول کیلئے سیکشن فور لگواکر زمین خریدے گا اور دیگر مرمت کیلئے دس لاکھ روپے کا گرانٹ دوں گا۔ ایک دوسرے سکول کیلئے جو کمیونٹی بیسڈ سکول ہے اس کیلئے پندرہ لاکھ روپے، کھیل کے میدان کیلئے دس لاکھ اور ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے دیگر چھوٹے چھوٹے منصوبوں کیلئے اعلان کرتا ہوں۔

 اس تقریب میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور عمران خان کا شکریہ ادا کیا کہ باوجود یہ کہ چترال کے لوگوں نے ووٹ کسی اور دیا ایک رکن اسمبلی بھی منتحب نہیں کرواسکے مگر اس کے باوجود عمران خان نے چترال کو تین خصوصی نشستیں دی جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں ۔