وزیر اعظم عمران خان کا فیصلہ ہے کہ ہماری سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہو گی نہ ہم کسی کو استعمال کرنے دیں گے، وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید احمد کی میڈیا سے گفتگو

17

اسلام آباد۔11اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دشمن پاکستان میں انتشار اور خلفشار پیدا کرنے کی سازش کررہا ہے ، دہشت گردی کے واقعات کا خطرہ موجود ہے، تمام سرحدیں بند ہیں کوئی مہاجر پاکستان میں نہیں آ رہا،پاکستان بین الاقوامی سیاست کا مرکز بننے جا رہا ہے، اب اندرونی سیاست کے لئے کوئی جگہ نہیں، اپوزیشن ٹھس ہو چکی،  اسلحہ لائسنس صرف میرٹ پر ملیں گے۔   ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ذرائع ابلاغ  کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے شہریوں پر زور دیا کہ کورونا ایس او پیز کی پابندی کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں ، راولپنڈی اسلام آبادمیں کورونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں، دنیا میں بھی کورونا بڑھ رہا ہے ، ہمیں بہت احتیاط سے کام لینا ہو گا، وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ جمعہ اور ہفتہ کی چھٹی کے لئے اسد عمرا ور چیف سیکرٹری سے بات کریں گے۔ راولپنڈی کو جمعہ اور اتوار کی چھٹی قبول نہیں ہے۔ ہم جمعہ اور ہفتہ کو چھٹی چاہتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن جو مرضی کر لے عمران خان 5 سال پورے کرے گا۔ اپوزیشن آئین اور قانون کے دائرے میں جو بھی جمہوری سرگرمی کرناچا ہے کر سکتی ہے لیکن اپوزیشن کو ہمیشہ کی طرح مفت مشورہ دے رہا ہوں کہ پاکستان جو بین الاقوامی سیاست کا مرکز بننے جا رہا ہے میں اب اندرونی سیاست کے لئے کوئی جگہ نہیں۔ معیشت کو بہتر بنانا  ہے اور عمران خان نے ” نہ کسی کو اپنی سرزمین استعمال کرنے  دیں گےاور نہ ہی کسی کو مداخلت کرنے دیں گے” کاسلوگن اختیار کیا ہے جس میں ہمارے لئے کافی دشواریاں بھی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  بلاول بھٹو کو صورتحال کی سمجھ ہی نہیں آ رہی ۔ وہ اجلاس کرتے رہتے ہیں کرتےرہیں۔ وہ کہتے تھے کہ دسمبرمیں عمران خان چلا جائے گالیکن عمران خان کہیں نہیں گیا اور نہ جائے گا۔ نواز شریف بھی 16 فروری کے بعد سے فارغ ہو چکے ہیں۔ ان کاپاسپورٹ کینسل ہوچکا ہے۔ شہباز شریف نے ای سی ایل سے ان کا نام نکالنے کی اپیل بھی نہیں کی۔ اسلحہ لائسنس کے متعلق سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ دور چلا گیا جب ممنوعہ بور کے ایک ایک لاکھ لائسنس جاری کئے گئے۔ اب ایسا نہیں ہوگا اور صرف قواعد و ضوابط کو پورااترنے والے اور ٹیکس پیئر کو ہی اسلحہ لائسنس ملے گا۔ مجھے اختیار ضرور ملا ہے لیکن میں پھنس گیا ہوں ہر کسی کوکلاشنکوف کالائسنس چاہیے لیکن اب صرف میرٹ پر ہی کلاشنکوف کا لائسنس ملے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ کووڈ کی وجہ سے تمام سرحدیں بند ہیں۔ چمن میں افغان سائیڈ نے بارڈر کھولا ہماری طرف بھی بہت سے ٹرک جمع تھے۔ ٹریفک چلی ہے لیکن کیا طے پایا ہے ابھی مجھے نہیں معلوم۔ افغانستان کے ساتھ سرحد پر باڑ کی تنصیب کا کام 96 فیصد اور ایران کے ساتھ 48 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ پاکستان کے چاق و چوبند مسلح دستے سرحدوں پر پوری طرح مستعد ہیں۔ پاکستان میں انتشار اور خلفشار پیدا کرنے کی  کوشش کی جا رہی  ہے ۔ اس لئے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کا خدشہ موجود ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اپوزیشن ٹھس ہو چکی ہے ۔  عمران خان خوش قسمت ہیں کہ انہیں نالائق اپوزیشن ملی۔ روز کہتے تھے کہ کل آئیں گے پرسوں آئیں گے، اب آئیں کیوں نہیں آتے۔ انہوں  نے کہا  کہ پاکستان سنٹرل ایشیا اور دنیا میں اہم کردار ادا کرنے جا رہا ہے ۔بین الاقوامی میڈیا میں پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔پاکستان دشمن  غیر ملکی ایجنسیاں متحرک ہو چکی ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان  جانے اور افغان جانیں  ۔ افغانوں نے اپنا فیصلہ خود کرنا ہے ۔ ہمارا کردار صرف امن تک محدود ہے۔ سرحد سے کوئی مہاجر نہیں آ رہا۔ وزیرداخلہ نے شہریوں بالخصوص عزاداران پر زور دیا کہ وہ ایس او پیز کا خیال رکھیں  اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔