لاہور، 20 اگست (اے پی پی):وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا ویژن ہے کہ ہم آہنگی کیلئے اپنا مسلک چھوڑو نہیں اور دوسرے کا چھیڑو نہیں کا رویہ اپنایا جائے۔
90 شارع قائد اعظم پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے عاشورہ محرم الحرام میں ملک بھر سے کوئی بین المسالک منافرت کا واقعہ رونما نہیں ہوا، تمام مکاتب فکر کے علماء، مشائخ اور ذاکرین نے پیغام پاکستان ضابطۂ اخلاق پر مکمل عمل کیا اور وزیر اعظم کے ویژن اور ہدایت پر اپنا مسلک چھوڑو نہیں اور دوسرے کے مسلک کو چھیڑو نہیں کی صائب فکر پر عمل کیا گیا جس سے بین المسالک ہم آہنگی واضح طور پر دیکھی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان پولیس اور عوامی نمائندوں کا بھی شکریہ ادا کرنا لازم ہے کہ جنھوں نے کہیں فساد اور فتنہ برپا ہونے نہیں دیا البتہ سوشل میڈیا کے ذریعے کچھ لوگوں نے شرپسندی کی کاوشیں ضرور کیں مگر اس حوالے سے حکومت قوانین سازی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔