وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کیلئے 10دنوں میں زمین کی نشاندہی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت

14

گلگت،17 اگست (اے پی پی): وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے ہیلتھ ریفامز کمیٹی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری صحت، ایس ایم بی آر اورکمشنر گلگت ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کیلئے 10دنوں میں زمین کی نشاندہی کا عمل مکمل کریں۔ پی جی شپ اور پوسٹ گریجویٹ کے ڈاکٹروں کی تنخواہیں حکومت گلگت  بلتستان ادا کرے گی جس کیلئے 7دنوں میں صوبہ خیبرپختونخوا طرز پر سمری منظوری کیلئے پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ  صوبے میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی کمی دور کرنے اور طبی سہولیات کی بہتری کیلئے شارٹ ٹرم اورلانگ ٹرم پالیسی بنائی گئی ہے، ضلعی ہیڈکوارٹرز کے ہسپتالوں کو مکمل فعال بنانے کیلئے درکار سپیشلسٹ ڈاکٹروں کو دیگر صوبوں سے بہتر مراعات دی جائیں گی جس کیلئے محکمہ صحت سفارشات تیار کرے۔

وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کہا کہ ہسپتالوں میں معیاری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے بین الاقوامی کمپنیوں سے ادویات براہ راست  خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے محکمہ صحت کابینہ کو بریفنگ دے گا۔ انہوں  نے کہا کہ ہسپتالوں کی آٹومیشن کیلئے منصوبہ تیار کیا جائے اور جلد منظوری کیلئے پیش کریں۔