وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کا محرم الحرام کے لئے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار

16

پشاور،18 اگست(اے پی پی): وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے محرم الحرام کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی کوشش اور انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ محرم کے حوالے سے صوبے میں ابھی تک کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا  تاہم کوشش اور امید ہے کہ دسویں محرم کا دن بھی پر امن گزرے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کا محکمہ داخلہ میں قائم مرکزی کنٹرول روم اور پولیس کے نئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے دورہ کے موقع پر کیا، جہاں انہوں نے نویں اور دسویں محرم الحرام کے لئے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ متعلقہ حکام کی طرف وزیر اعلی کو محرم الحرام کے دوراں سکیورٹی انتظامات اور تیاریوں کے بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

وزیراعلی محمود خان نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں محرم الحرام کی سکیورٹی کے لئے غیر معمولی انتظامات کئے گئےہیں، اس حوالے سے انتظامیہ ، پولیس اور دیگر تمام متعلقہ ادارے ایک پیج پر ہونے کیساتھ ساتھ  کوآرڈینیشن کا ایک مربوط نظام بھی فالو کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس نئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا گیا ہے جبکہ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں پولیس کو بھی جدید ٹیکنالوجی سے لیس کر رہے ہیں۔

وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں محرم الحرام کی سکیورٹی کے لئے پولیس کے 33 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں لیکن ضرورت پڑنے پر پاک فوج  اور ایف سی کے خصوصی دستوں کی بھی خدمات حاصل کی جاسکتی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ محرم الحرام کے حوالے سے صوبے کے حساس اضلاع میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد محرم الحرام کے جلوسوں کی براہ راست مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ صوبائی،  ڈویژنل اور اضلاع کی سطح پر آپس میں مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں ، محرم الحرام کے جلوس میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں اور جلوس کے اہم مقامات پر کورونا ویکسینیشن سنٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں۔

بریفنگ میں وزیراعلی کو بتایا گیا کہ پشاور میں دسویں محرم پر 15 جلوس اور آٹھ مجالس منعقد ہونگے جن کی سکیورٹی کے لئے پولیس کے آٹھ ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایمرجنسی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ محرم الحرام کی مجالس کے لئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی کا مناسب بندوبست کیا گیا ہے۔

چیف سیکرٹری،  ائی جی پی ، سیکرٹری داخلہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موقع پر  موجود تھے۔