اسلام آباد،24اگست (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے سویٹزرلینڈ کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر عامر شوکت اور کینیڈا کے لیے پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر امیر خرم راٹھور نے منگل کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے وزارتِ خارجہ میں بطور ایڈیشنل سیکرٹری امیر خرم راٹھور کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے،مجھے توقع ہے کہ آپ جیسے منجھے ہوئے سفارت کار کی بطور ہائی کمشنر کینیڈا تعیناتی دو طرفہ تعلقات کے استحکام میں معاون ثابت ہو گی۔نامزد ہائی کمشنر کینیڈا امیر خرم راٹھور نے وزیر خارجہ کی جانب سے دی گئی ہدایات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لانے کا یقین دلایا۔ سویٹزرلینڈ کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر عامر شوکت سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے بطور سفیر تعیناتی پر عامر شوکت کو مبارکباد دی اور کہا کہ آپ ایسے وقت میں بطور سفیر ذمہ داریاں سنبھالنے جا رہے ہیں جب پاکستان کو خارجہ محاذ پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔مجھے توقع ہے کہ آپ جیسے منجھے ہوئے سفارتکار کی بطور سفیر تعیناتی سے پاکستان اور سویٹزرلینڈ کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔عامر شوکت نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔