وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے ازبک سفیر کی ملاقات، مذہبی سیاحت کے فروغ پر مشترکہ یادداشت کے مسودہ کو حتمی شکل دی گئی

26

اسلام آباد،25اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری  سے بدھ کو پاکستان میں ازبکستان کے سفیر اویبک عارف عثمانوو نے وزارت مذہبی امور میں ملاقات  کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان مذہبی سیاحت کے فروغ پر مشترکہ یادداشت کے مسودہ کو حتمی شکل دی گئی ۔

 اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے کہا کہ دونوں ممالک کے مذہبی علما جوائنٹ ورکنگ گروپ کے ذریعے اسلامو فوبیا کے مسائل پر مشاورت کریں گے، دونوں ممالک کے مذہبی سکالرز خطے کے فقہی اور فکری مسائل پر بھی مشاورت کریں گے۔ پیر نورالحق قادری نے کہا کہ جدید دور کے مسائل پر ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے گا، مذہبی سفارتکاری کے ذریعے دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خطہ میں دہشت گردی اور شدت پسندی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کیا جائے گا۔

اس موقع پر ازبک سفیر  ایبک عارف عثمانوو نے پیر نور الحق قادری کو ازبکستان کے دورہ کی باضابطہ دعوت بھی دی۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ اسلامی نظریاتی کونسل اور ازبکستان کے دارالفتاء باہمی رابطہ رکھیں گے۔