وفاق کے سندھ پیکج کے تحت جاری منصوبوں پر کام میں تیزی لائی جائے؛ وزیراعظم عمران خان

12

اسلام آباد،04 اگست  (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ گرین لائن کی طے شدہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے اور سندھ پیکج کے تحت منصوبوں پر بھی کام میں تیزی لائی جائے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے  سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں کیا، ملاقات میں  سندھ کی مجموعی صورتحال خصوصاََ  امن و امان اور کورونا کی صورتحال  اور عوام کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی ۔

ملاقات میں سندھ میں وفاق کے جاری ترقیاتی منصوبوں خاص طور پر صوبہ سندھ کے پہلے بڑے ٹرانسپورٹ منصوبے گرین لائن پر پیش رفت پر گفتگو ہوئی۔ وزیرِ اعظم نے گرین لائن کی متعین شدہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے اور سندھ پیکیج کے تحت منصوبوں پر بھی تیزی سے کام کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

ملاقات میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، رکنِ قومی اسمبلی غوث بخش مہر، رکنِ صوبائی اسمبلی علی گوہر مہر اور صفدر عباسی شریک تھے ۔