وہاڑی ، 20 اگست (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں40کروڑ روپے کی 46ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیااور محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے پر متعلقہ اداروں کی کوششوں کو سراہا گیا۔ ترقیاتی سکیموں میں سپیشل ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، پبلک ہیلتھ انجینئر نگ اور ہائی وے کے پراجیکٹس شامل ہی۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے اس موقع پر کہا کہ ترقیاتی کاموں میں معیار پر خصو صی توجہ دی جائے، حکومت کی اولین ترجیح عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کام بروقت مکمل ہونے سے عوام کو ریلیف ملے گا، ہمیں جذبے سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
جہانزیب خان کھچی نے کہا کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کو بہتر انداز سے کام کرنے کی ضرورت ہے، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئر نگ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ترقیاتی کام میں تاخیر سے عوام کو پریشانی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں ضلع وہاڑی میں امن و امان مثالی رہا، امن و امان کو برقرار رکھنے میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے بہترین کر دار ادا کیا۔
ایم این اے طاہر اقبال چوہدری نے اس موقع پرکہا کہ علماء اکرام، تاجر برداری، سول سوسائٹی، میڈیا اورمعاشرے کے دیگر طبقوں نے بھی امن کے قیام میں بھر پو ر کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں کے کناروں کے ساتھ مٹی لگائی جائے بارشوں کی وجہ سے سڑکوں کے کنارے خراب ہو رہے ہیں پختہ سڑکوں کی دیکھ بھال کرنا متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے ہمیں کوالٹی ورک پر توجہ دینا ہو گی۔
ایم این اے اوورنگ زیب خان کھچی نے اس موقع پر کہا کہ تعمیراتی کام کی ناقص معیار بدنامی کا باعث بنتی ہے، متعلقہ محکمے ترقیاتی کام کے معیار پر خصو صی توجہ دیں، ضلعی ترقیاتی پروگرام پر خصو صی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رائے ظہور احمد کھرل نے اس موقع پرکہا کہ محکموں کے سربراہان خود ترقیاتی کاموں کا دورہ کریں، ترقیاتی پراجیکٹس پائیدار اور دیر پا ہونے چاہئیں۔
ایم پی اے اعجاز سلطان بندیشہ نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام محکمے متحرک ہو کر کام کریں ترقیاتی کاموں کا عوام کو بروقت فائدہ پہنچاناچاہیے۔
ڈپٹی کمشنر مبین الہی نے اس موقع پر کہا کہ ترقیاتی کام بروقت کروانے کیلئے تمام وسائل بروئے کا ر لائے جا رہے ہیں، تمام ترقیاتی کاموں کی براہ راست نگرانی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ترقیاتی کاموں کی تھر ڈ پارٹی اویلیوشن کرائی جائے گی. ضلع کی سطح پر سیف سٹی پراجیکٹ بنایا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر امیر عبداللہ خان نیازی نے اس موقع پر کہا کہ امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے رہے ہیں، محرم الحرام میں امن کو برقرار رکھنے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات نے تعاون کیا۔