پاکستان، نائجر سمیت افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی، اقتصادی و کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کا متمنی ہے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

17

اسلام آباد، 10اگست (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، نائجر سمیت افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی، اقتصادی و کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کا متمنی ہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے، نائجر کی قومی اسمبلی کے صدر سینی اومارو سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو وزارت خارجہ میں وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ   خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور نائجر کے مابین برادرانہ اور مستحکم، تعلقات ہیں،پاکستان، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں، اقتصادی ترجیحی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔وزیر خارجہ نے  نائجر کے دارالحکومت نیامے میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس کے انعقاد اور بھرپور میزبانی کو سراہا اور نائجر کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے قرارداد کی بھرپور حمایت پر نائجر قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر دو طرفہ تعاون باعث اطمینان اور پارلیمانی روابط کا فروغ خوش آئند ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور نائجر کے مابین پارلیمانی تعاون کے معاہدے کا خیر مقدم کیا۔صدر نائجر اسمبلی سینی اومارو نے مشکل وقت میں پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ معاونت کو سراہتے ہوئے پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔