لاہور 5 اگست (اے پی پی): متحدہ علما بورڈ حکومت پنجاب اور پاکستان علما کونسل کے تعاون سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی اور یوم استحصال کشمیر اور 5 اگست کےمودی سرکار کے غیر قانونی اقدام کی مذمت کے تناظر میں علما کا سیمینار منعقد کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے لیے محفوظ ملک ہے۔مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت جاری رکھنا ہمارا قومی فریضہ ہے اور وزیر اعظم عمران خان کا عزم ہے کہ مظلوم کے حق کی خاطر ظلم کے خلاف ڈٹ کر کھڑے رہنا ہے موجودہ حکومت نے کشمیریوں کے لئے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو ان کا حق دینے کی بات مسلسل کی ہے مودی سرکار اسرائیل کی طرز پر مقبوضہ کشمیر میں ہندو آباد کاروں کو غیر قانونی طور پر بسا کر کشمیریوں کے حقوق غصب کرنا چاہتی ہے لیکن موجودہ حکومت کی سرپرستی میں علما بھی غاصبوں اور ظالموں کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں کشمیر جہاں کہ قبرستانوں میں جگہ کم پڑ چکی ہے کا مسئلہ امت مسلمہ اور عالم انسان کا بھی مسئلہ ہے چنانچہ او آئی سی اور عرب پارلیمنٹ کے صدر کے وفد کے ساتھ ملاقات میں وزیر اعظم نے گفتگو کا آغاز ہی کشمیر سے کیا اور واضح کیا کہ ہٹلر مودی اور آر ایس ایس کا نظریہ عالم انسان کے لئے کس قدر خطرناک ہے علاوہ ازیں انھوں نے رحیم یار خان کے نواحی علاقہ میں مندر پر ہونے والے حملہ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے لئے سب سے محفوظ ملک ہے چنانچہ اس مذموم واقعہ کے ذمہ داران بہت جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچیں گے مزید براں یہ کہ ماہ محرم میں بین المسالک ہم آہنگی امن عامہ اور مذہبی مقدسات کے احترام کو ممکن بنائے رکھنے کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون فوری حرکت میں آئے گا۔