اسلام آباد،17اگست (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان ویتنام کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک تجارت و اقتصادی تعاون کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں، ویتنامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے بہتر کاروباری ماحول سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
یہ بات انہوں نے ویتنام کے سفیر نگوین تیان فونگ سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے منگل کو ان سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ویتنام کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور ویتنام تجارت و اقتصادی تعاون کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔
مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ ویتنام نے معاشی ترقی کیلئے اقتصادی اقدامات اٹھائے ہیں، ماہرین کے تبادلوں سے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے، ٹیکسٹائل، زراعت اور دوسرے شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر سفارتکاری کے ذریعے عوامی سطح پر روابط کو نئی بلندیوں پر لے جا سکتے ہیں، پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا باہمی روابط کو مزید تقویت دے گا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعاون مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویتنامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے بہتر کاروباری ماحول سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، پاکستان ویتنام کے شہریوں کیلئے پاکستان آمد پر فوری ویزا کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دوطرفہ تعاون کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ویتنام کی تیز رفتار معاشی ترقی کو سراہتا ہے، دونوں ممالک کوسیاحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت خصوصی اکنامک زون علاقائی رابطہ کاری اور ترقی کے لئے انتہائی اہم ہیں، ویتنام کے سرمایہ کار بلوچستان بالخصوص گوادر اور پسنی میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بین الاقوامی برادری اپنا کردار اداکرے، مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ویتنام کی حکومت، پارلیمان اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سفیر کو پاک ویتنام تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں استقبال پر ویتنام کے سفیر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ویتنام کے سفیر کو گلدستہ پیش کیا۔
اس موقع پر ویتنامی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی عوام سے محبت ملی، پاکستان اور ویتنام کے درمیان تعلقات 50سالہ دوستی پر محیط ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان بین الاقوامی سطح پر بہترین تعاون پایا جاتا ہے۔ویتنامی سفیر نے کہا کہ تجارت، اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔ ویتنامی سفیر نے کہا کہ وہ مختلف ایوان ہائے تجارت اور تاجر برادری سے تجارت کے فروغ کیلئے رابطے میں ہیں۔