اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاک چائینہ سنٹر میں منعقدہ وزارت اطلاعات و نشریات کے8 ذیلی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبہ نیشنل ڈیجیٹل انفارمیشن پلیٹ فارم ” این ڈی آئی پی ” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان تحریک انصاف سوشل میڈیا کا استعمال کرنے میں سب سے آگے تھی، ڈیجیٹل میڈیا ونگ کا قیام خوش آئند ہے، آج دنیا میڈیا کی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ میڈیا میں پی ٹی آئی جس کے بانی ارکان میں شامل ہوں سب سے آگے تھی، میں نے ٹویٹر کا استعمال 2007 میں شروع کیا، تحریک انصاف نے 2010ء میں اپنی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں ویڈیو کانفرنس کا استعمال کیا جب ہماری حکومت آئی تو ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے حوالے سے بارہا بات ہوئی، دنیا میڈیا کی ہے، فلسطین میں ہونے والا ظلم اگر تصویر میں دیکھا جائے تو اس کے زیادہ اثرات ہوتے ہیں۔شامی مہاجر بچے کی بحرہ روم کے کنارے لاش کی تصویر دنیا بھر میں پھیلی جس سے دنیا کو علم ہوا کہ یہ ممالک مہاجرین کو ڈوبنے دیتے ہیں لیکن ان کی میزبانی نہیں کرسکتے، پاکستان 35 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کرچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو دنیا کے سامنے اپنا بیانیہ دینا پڑے گا۔ انہوں نے فواد چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامہ نگار حسینہ معین اپنی وفات سے چند دن قبل ہمارے گھر آئیں تو انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کہ بہتر بنایا جائے۔ صدرمملکت نے کہا کہ جس طرح پاکستان کرکٹ میں پی ایس ایل اور کے پی ایل کروا رہا ہے اسی طرح ہاکی میں بھی ایسے ہی اقدامات کی ضرورت ہے، ہمیں کمرشلائزیشن کی طرف جانے کی ضرورت ہے، کبڈی کو جدید بنیادوں پر استوار کیا جائے، بھارت نے ایسا کیا تو چین کی ایک کمپنی نے اس کے رائٹ 30کروڑ ڈالر میں خریدے، کھیلوں کے فروغ میں بڑی گنجائش ہے، پی ٹی وی کو اس ضمن میں قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا اسے اچھے پروگرام اور ڈرامے دکھانے ہوگئے، عورت پرتشدد پر مبنی جو ڈرامے دکھائے جا رہے ہیں وہ ہمارا کلچر نہیں ہے، حقیقت میں اسلام اور ہمارے معاشرے نے عورت کو جو مقام دیا ہے اس پر مبنی ڈرامے بنائیں جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی تربیت کا فریضہ اکیلے عمران خان کی ذمہ داری نہیں ہے اس میں مساجد بنیادی کردار ادا کرسکتی ہیں ، اچھے خطابات دیئے جاسکتے ہیں، میڈیا اس میں بنیادی کردار ادا کرسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب اشارے نظر آرہے ہیں کہ قوم بن رہی ہے، کورونا وبا کے دوران ہم نے اچھے فیصلوں سے اس پر قابو پایا، ہمارے پڑوسی ملک نے غلط فیصلے کئے، وزیراعظم عمران خان کے کورونا کے حوالے سے فیصلوں میں غریب کیلئے ہمدردی کا عنصر بھی شامل تھا دنیا نے اس کامیاب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قدم نئے پاکستان کی طرف جا رہے ہیں انشاء اللہ ہم اپنی زندگی میں نیا پاکستان دیکھیں، انہوں نے کہا کہ تعمیری میڈیا سے اچھے خیالات آئیں گے اور دنیا میں پھیلے اسلامو فوبیا کا خاتمہ ہوگا۔











