ملتان، 23 اگست(اے پی پی): پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام جاری13ویں پاکستان پریمیئر فٹ بال لیگ میں پاکستان آرمی نے ہما کلب اسلام آباد کو ایک یک طرفہ مقابلے کے بعد 6-0 گول سے ہرا دیا جبکہ لائل پور کلب اور کے آر ایل کی ٹیموں کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ گذشتہ روز قاسم باغ فٹ بال سٹیڈیم ملتان میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان آرمی نے ہما کلب اسلام آباد کو ایک یک طرفہ مقابلے کے بعد 6-0 گول سے شکست دی، وقفے تک پاکستان آرمی کو ہما کلب اسلام آبادکے خلاف 2-0 گول سے برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں پاکستان آرمی نے مزید چار گول کرکے مقابلہ 6-0 گول سے جیت لیا، فاتح ٹیم کی جانب سے محمد افضال نے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے تین گول کئے جبکہ فرمان اللہ خان نے دو گول اور متین طارق نے ایک گول کیا،ہماکلب کے کھلاڑیوں نے مارجن کم کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن ناکام رہے۔دوسرا میچ لائلپور کلب اور کے آر ایل کی ٹیموں کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا اور مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں،(آج) پیر کو لیگ کے مزید دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں سوئی نادرن گیس پائپ لائنز اور پاکستان نیوی کی ٹیموں کے درمیان رات آٹھ بجے کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان ایئرفورس کا مقابلہ سوئی سدرن گیس کمپنی سے رات 10 بجے ہوگا۔