پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام 13ویں پاکستان پریمیئر فٹ بال لیگ، خان ریسرچ لیبارٹریز نے ہماکلب کو ہرا دیا

34

 

ملتان، 26 اگست(اے پی پی): پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام جاری 13 ویں پاکستان پریمیئر فٹ بال لیگ میں خان ریسرچ لیبارٹریز(کے آر ایل) نے ہماکلب، اسلام آباد کو 2-0 گول سے ہرا دیا، گذشتہ شب قاسم باغ فٹ بال سٹیڈیم ملتان میں کھیلے گئے لیگ کے ایک اہم میچ میں وقفے تک خان ریسرچ لیبارٹریز کو ہماکلب کے خلاف 2-0 گول کی برتری حاصل تھی ، کھیل کے دوسرے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، پہلے ہاف کے چھٹے منٹ میں ہماکلب کے معاذ ارشد نے خود ہی گول کرکے مخالف ٹیم کے آرایل کو 1-0 گول سے برتری دلا دی جس کو 39 ویں منٹ میں کے آریل کے ذیشان صدیقی نے دگنا کرتے ہوئے مقابلہ 2-0 گول کردیا جو میچ کے مقررہ وقت تک جاری رہا۔ میچ کمشنر کے فرائض شفاعت حبیب جبکہ ریفریز کے محبوب علی، دلاور خان اور ندیم بٹ نے انجام دیئے، کے آر ایل اور ہماکلب کی ٹیمیں لیگ میں اب تک تین ، تین میچز کھیل چکی ہیں، کے آر ایل ٹیم نے ایک میچ میں ہماکلب کے خلاف کامیابی جبکہ دو میچ اس نے پاکستان سول ایوی ایشن اور لائل پور کلب کے خلاف برابر کھیلے۔ ہماکلب کو تینوں میچوں میں کراچی یونائیٹڈ، پاکستان آرمی اور کے آر ایل کی ٹیموں کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

پوائنٹس ٹیبل کے مطابق پاکستان واپڈ کی ٹیم پہلے نمبر پر ہے جبکہ مسلم کلب چمن اور پاکستان ایئرفورس کی ٹیم بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر ہیں، (آج) جمعرات کو پاکستان نیوی کا مقابلہ پاکستان واپڈا سے رات ساڑھے نو بجے ہوگا۔