اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک بڑی میڈیا وار کا سامنا ہے، سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کو بھارت لیڈ کر رہا ہے، پی ٹی ایم نے ریاست مخالف 150 ٹرینڈز چلائے، ملک دشمن عناصر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کے لئے سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال کرتے ہیں، ن لیگ کی میڈیا ٹیم اور جے یو آئی (ف) نے بھی اسرائیلی ٹرینڈز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، اس پروپیگنڈے میں افغانستان کے بھی کچھ لوگ ملوث ہیں، پاکستان میں فرقہ وارانہ نفرت اور لسانی فسادات کی کوشش میں بھی بیرون ملک سے سوشل میڈیا اکاونٹس ملوث ہیں، نور مقدم کیس کو بنیاد بنا کر بھارتی ٹی وی چینلز نے پاکستان کے خلاف کئی گھنٹے کی ویڈیو ز اپ لوڈ کیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کو ایک پلان کے تحت ٹارگٹ کیا جا رہا ہے اور پاکستان کے خلاف جعلی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، اسے ہم پوری طرح سے بے نقاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ نے ایک مفصل رپورٹ تیار کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کس طریقے سے پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا کو خصوصی طور پر استعمال کیا جاتا ہے، اس میں بڑے کردار کون ہیں۔ اس رپورٹ میں دو سال کا ڈیٹا شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2019ءسے لے کر اگست 2021ءتک پاکستان کے سوشل میڈیا کا ایک تفصیلی تجزیہ اس رپورٹ میں موجود ہے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان کے خلاف بڑے سوشل میڈیا ٹرینڈز کو بھارت نے لیڈ کیا، اس میں پاکستان کے اندر سب سے بڑا کردار پی ٹی ایم اور اس سے تعلق رکھنے والے ورکرز ہیں جنہوں نے ہندوستان کی اس حوالے سے مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ ان ٹرینڈز میں افغانستان کی موجودہ حکومت کے لوگ بھی شامل ہیں۔ پی ٹی ایم نے ریاست پاکستان کے خلاف دو سالوں میں 150 مین ٹرینڈز لیڈ کئے، ان میں صرف 37 لاکھ ٹویٹس کئے گئے۔ یہ تقریباً ٹویٹس کا ایک ہزار گھنٹہ بنتا ہے جو پی ٹی ایم کے 150 ٹرینڈز پر کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ٹی ایم نے بلوچ علیحدگی پسند تحریک کو بھی سپورٹ کیا، 14 اگست 2020ءکو پی ٹی ایم نے بلوچستان سالیڈیریٹی ڈے کا ایک ٹرینڈ چلایا، اس ٹرینڈ پر ہندوستان سے ایک دن میں ڈیڑھ لاکھ ٹویٹس کئے گئے، یہ ٹرینڈ شروع پی ٹی ایم نے کیا اور اس کی سپورٹ ہندوستان نے کی۔