پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے بھرپور کاوشیں کرنے پر پاکستانی قوم لائق تحسین ہے؛وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی کا یوم آزادی پر پیغام

91

اسلام آباد، 14اگست(اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یوم آزادی پر پاکستان اور پوری دنیا میں مقیم پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پچھترواں یوم آزادی مناتے ہوئے بابائے قوم اورقیام پاکستان کی جدوجہد کرنے والی نسلوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، ان لاکھوں مسلمانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے قیام پاکستان کے لئے ہجرت کی اور عظیم قربانیاں دیں جبکہ بھارت میں رہ جانے والے مسلمانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن سے آج دوسرے درجے کے شہری کا سلوک رواہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں اور علامہ اقبال کے ایک جمہوری، متحمل اور ترقی یافتہ ملک کے خواب کی تکمیل کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ، پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے بھرپور کاوشیں کرنے پر پاکستانی قوم لائق تحسین ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ90 لاکھ سے زائد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی وطن عزیز کے لئے کاوشوں کو بھی سراہتے ہیں،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے دوسرے ممالک اورمعاشروں میں اپنی ہمت وہنر سے مقام پیدا کیا اور پاکستان کانام روشن کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے جو ہماری آبادی کا 60 فیصد سے زائد ہیں ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ

ترقی پزیر ممالک میں پاکستان نے ماحولیاتی تغیر کے مسئلے سے نمٹنے میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے،پاکستان نے کورونا وبا سے نمٹنے میں ترقی پزیر ممالک سے بھی بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا میں اسلاموفوبیا کی بڑھتی لہر کے خلاف پاکستان آج امت مسلمہ کی آواز ہے،ہم نے فلسطین کے مسئلے پر اصولی موقف اختیار کیا ہے اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پربھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بھرپور انداز میں دنیا میں اجاگر کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن و مصالحت کے لئے کوشاں عالمی اتحاد کا حصہ ہیں،آپ کی حکومت نے قومی مفاد میں جیوپالیٹیکس سے جیو اکنامکس کی طرف اپنی خارجہ پالیسی کا رُخ بدلا ہے، خارجہ پالیسی کے رُخ میں یہ تبدیلی عام پاکستانیوں کو بدترین غربت سے نکالنے اوران کی فلاح وبہود کے لئے کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئیے اتحاد، یقین محکم اور نظم وضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پاکستان کو درپیش مسائل کا سامنا کریں۔