پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کا الجزائر کا دورہ، دوطرفہ بحری مشقوں میں حصہ لیا

22

اسلام آباد، 15 اگست  (اے پی پی ): پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار  نے  الجزائر کا دورہ کیا  اور دوطرفہ بحری مشقوں  میں  حصہ  لیا۔

ترجمان  پاک   بحریہ  کے  مطابق الجزائر کی بندرگاہ آمد پر میزبان بحریہ کے حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔ مشن کمانڈر نے جہاز کے کمانڈنگ آفیسر کے ہمراہ میزبان بحری حکام سے اہم ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مشن کمانڈر نے امیرالبحر کی جانب سے الجزائر کے عوام بالخصوص الجزائر کی بحریہ  کیلئے  خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔

الجزائر میں تعینات پاکستان کے سفیر عطاءالمنعم شاہد اور میزبان عسکری حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا دورہ بھی کیا۔

ترجمان  پاک   بحریہ  کے  مطابق  الجزائر آمد سے قبل پی این ایس ذوالفقار نے مراکشی بحریہ کے جہاز“سلطان مولے اسمٰعیل” کے ہمراہ جبرالٹر کے مقام پر مشترکہ بحری مشق میں بھی حصہ لیا۔ مشق کے دوران جدید بحری آپریشنز کا مظاہرہ کیا گیا۔ پاک بحریہ کے جہاز کا الجزائر کا دورہ اور الجزائر اور مراکشی بحریہ کے ساتھ دوطرفہ مشقوں میں شرکت دوست ممالک کی بحری افواج کے ساتھ مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔