پوری قوم اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس جوانوں کو سلام اور خراج عقیدت پیش کرتی ہے، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید

24

اسلام آباد۔4اگست  (اے پی پی):یو م شہدائے پولیس کے موقع نیشنل ہائی ویز اینڈموٹر وے پولیس کے شہدا اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے بدھ کے روز موٹروے پولیس لائنز ہیڈ کواٹر اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید، پارلیمانی سیکرٹری میاں محمد شفیق، سیکرٹری مواصلات ظفر حسن، انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس ہیڈ کواٹرز خالد محمود، ڈی آئی جی موٹرویز اشفاق احمد خان، ڈی آئی جی نارتھ زون وصال فخرسلطان، ڈی آئی جی(آپریشنز)  ڈاکٹر مظہر الحق کاکا خیل، ڈی آئی جی ہیڈ کواٹرز اصغر علی، اے آئی جی سلمان علی خان، اے آئی جی عتیق طاہر، اے آئی جی فضل حامد، شہداء کے ورثاء پولیس افسران، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب سے قبل وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے یاد گار شہداء پرپھول چڑھائے اور شہداء کی درجات کے بلندی کیلئے خصوصی دعا کی۔ تقریب کے شرکاء سے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید، سیکرٹر ی مواصلات ظفر حسن اور انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے خطاب کیا۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ یو م شہداء پولیس کے موقع پر پوری قوم اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس جوانوں کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ شہداء کی قربانیاں سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہیں۔یوم شہدائے پولیس کو عقیدت اور احترام کے ساتھ منانا ہم سب پر لازم ہیں۔ پاک فوج اور پولیس کے شہداء ہمارے ہیرو ہیں۔بلاشبہ شہداء ہمارا قابل فخر اثاثہ ہیں۔ جنہوں نے وطن پر اپنی جانو ں کے نذرانے پیش کر کے جرات اور بہادری کا عملی نمونہ پیش کیا ہے۔