پھڈا فساد موومنٹ کا آج جلسہ ہوا، کہیں کی اینٹ کہیں کا روڑا جمع ہوا،عوام نے ان کو رد کردیا؛حلیم عادل شیخ کی پریس کانفرنس

21

کراچی،29اگست  (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اوراپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ  نے کہا ہے کہ پھڈا فساد موومنٹ کا آج جلسہ ہوا، کہیں کی اینٹ کہیں کا روڑا جمع ہوا،عوام نے ان کو رد کردیا، ان کے جلسوں میں نہیں آئے،ہارے ہوئے جواریوں کی طرح کراچی میں اکٹھے ہوئے ہیں،،مولانا فضل الرحمان کا مریم کے ساتھ بیٹھنا جائز ہے لیکن جلسے میں خواتین کا آنا ناجائز ہے، مدارس کے بچوں کو زبردستی جلسے میں لانا کہاں کی اخلاقیات ہے،بچوں کو والدین نے اسلامی تعلیم کے لئے بچوں کو بھیجا ہے،18 سال سے کم عمر بچوں کی تو ویکسین بھی نہیں،مولانا کورونا کے سفیر بن چکے ہیں،مولانا صاحب ان بچوں پر رحم کریں،پچیس ہزار بھی کرسیاں نہیں تھی، مولانا بن کر بھی جھوٹ بول رہے ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکو سندھ اسمبلی میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینیئر رہنما رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی اور حاجی مظفر شجراع بھی موجود تھے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بلاول الگ سے کورونا کے سفیر بن کر نکلے ہوئے ہیں،سندھ میں کورونا صرف تعلیم کے پیچھے ہے۔تاجروں، شہریوں، دکانداروں کے لیے کورونا ہے،ساری ایس او پیز تاجروں اور دکانداروں کے لئے ہیں،بلاول خود جلسے کر رہے ہیں وہاں کوئی ایس او پیز نہیں ہیں، بلاول جب ٹھٹھہ دورے پر جارہے تھے تب کراچی کے بچے آگ میں جھلس رہے تھے، مراد علی شاہ اس فیکٹری کے قریب سے گزرے لیکن کوئی نہیں آیا،ان لوگوں کے ضمیر مرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی والوں کو صرف فیکٹریوں سے بھتہ چاہیے،اگر بلدیہ فیکٹری کے بعد سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل ہوتا تو آج یہ سانحہ نہ ہوتا،17 مزدوروں کے قتل کا مقدمہ مراد علی شاہ سمیت ذمہ داران پر درج کیا جانا چاہیے تھا،لیبر ڈپارٹمنٹ کا وزیر سعید غنی ہے ان کی ذمہ داری تھی اگر ان کی این او سی تھی تو کس نے دی،یہ کوئی مالک سپروائزر کی غلطی نہیں،بلاول اور مراد علی شاہ کے درباری شامل ہیں۔

 حلیم عادل شیخ  نے کہا کہ این او سی سندھ حکومت نے دی، تحقیقات واضع ہے ذمہ دار سندھ حکومت ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے حکومت کی تین سالا کارکردگی پاکستان کی عوام کو دکھا دی ہے لیکن سندھ میں 13 سالوں کی کارکردگی بلاول کب دکھائیں گے،اگر سندھ میں حکومت اپنی کارکردگی دکھائے جاتی تو وہاں اسکرین پر تھر میں مرتے بچے نظر آئیں گے، ایڈز زدہ لوگ نظر آئیں گے، سندھ میں کتے عوام کو کاٹ رہے ہیں کراچی سے کشمور تک گندگی گٹر نالے نظر آئیں گے ، گدھا گاڑیوں کی ایمبولنس نظر آرہی ہوگی، اسکولوں میں مویشی بندھے نظر آرہے ہونگے، ٹنکروں میں پانی نظر آرہا ہوگا نکلے خشک ہونگے، سندھ میں پیپلزپارٹی کی کارکردگی کہیں نظرنہیں آئے گی۔

 انہوں نے کہا کہ تین سالوں میں ہماری حکومت نے ترقی کا سفر طے کیا ہے ہر محاذ پر ترقی ہوئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 27.41 بلین ڈالرہوگئے ہیں، ن لیگ کے پانچ سالا حکومت میں 9 بلین ڈالر تھے، کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم ہوگیا ہے، ن لیگ کی حکومت میں 19 بلین ڈالرتھا، روشن ڈیجیٹل اکائونٹ2.4 بلین ڈالر، ن لیگ کے دور میں زیرو تھا، تین سالوں میں ٹیکس کلیکشن 4732 بلین ہوئی ہے، ن لیگ کے پانچ سالہ دور حکومت میں 3842 بلین تھے، ایکسپورٹ تین سالوں میں 31 بلین ڈالر ہوئی، ن لیگ کے دور میں 7.24بلین ڈالر تھی، ریمیٹینس29.3 بلین ڈالر، ن لیگ کی حکومت میں 19.1 بلین ڈالر تھی، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ 14.4 فیصد اضافہ ہوا، ن لیگ کے دور میں زیرو تھی، پر کیپیٹل انکم246000ڈالرہوگئی ن لیگ کے دور میں 1386 ڈالر، احساس پروگرام 260 بلین تقسیم ہوئے ، ن لیگ کی حکومت میں 85 بلین بی آئی ایس پی کے ذریعے تقسیم ہوئے، کامیاب جوان پروگرام 20 بلین تین سالوں میں تقسیم ہوچکے ہیں، ن لیگ کے دور میں زیرو تھے، انصاف صحت کے پی کے کی پوری عوام کو مل چکا ہے پنجاب کو مل رہا ہے سندھ میں پیپلزپارٹی رکائوٹ بنی ہوئی ہے، کم آمدن گھرانہ اسکیم کے تحت 45 بلین درخواستیں منظور ہوچکی ہیں، 200000 یونٹس بن چکے ہیں، ن لیگ کے دور میں ایک بھی گھر نہیں بنا، 10 نئے ڈیم تعمیر ہورہے ہیں ،ن لیگ کے دور حکومت میں ایک بھی ڈیم نہیں بنا، نیب نے تین سالوں میں 535.783 بلین ریکوری کی ہے،جبکہ 2000 سے 2016 تک 286 بلین ریکور ہوئے تھے، موجودہ حکومت کے تین سالہ دور میں 1753 کلومیٹر موٹروے بنا رہی ہے 6118 کلومیٹر مزید بننے ہیں، ن لیگ کے دور میں صرف 645 کلومیٹر موٹروے بنائے گئے۔ مہنگائی پر کنٹرول کیا جارہا ہے۔ سندھ میں مہنگائی زیادہ ہے جس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے۔

فردوس شمیم نقوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور پنجاب حکومت نے اپنی کارکردگی پیش کی،صوبہ سندھ اپنے وعدے کے مطابق کارکردگی پیش کرے،اس صوبے کے لوگوں کو پانی نہیں ملتا،سندھ میں45 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں،صوبے میں ٹراما سینٹر 41 میں سے 10 بنے جو ابھی بحال نہیں، قائد کا شہر اپنا نوحہ خود پڑھتا سنائی دے رہا ہے،شہر لاہور میں کوئی ایسی بس نہیں جو بغیر اے سی کہ ہو،ماحولیات کے ساتھ سندھ میں ظلم کیا گیا، تمام صوبوں میں عمران خان نے صحت کارڈ دئیے،سندھ میں سندھ حکومت آڑے ہے،سندھ حکومت نے این آئی سی وی ڈی بنادی،سندھ کی ساری عوام صرف دل کی مریض ہے،چیئرمین کہتا ہے لوکل گورنمنٹ الیکشن کرائیں گے،یہ کہتے ہیں ہمیں مردم شماری پر اعتراض ہے جبکہ ضمنی اور عام انتخاب اسی مردم شماری پر لڑے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ11 سو ارب کے منصوبوں میں سندھ حکومت کا بھی حصہ تھا،سندھ کا نوحہ پی ڈی ایم کے جلسے میں بھی پڑھا جائے،مولانا صاحب جھوٹ بولنے کا آغاز کرچکے ہیں،12 فٹ کے فاصلے سے کرسیاں ہیں،25 ہزار سے زیادہ کرسیاں نکل آئیں تو ہمیں کہیں،پی ڈی ایم کی پھونک نکل چکی ہے،یہ لوگ کہتے تھے کہ پی ٹی آئی چوتھے سال کا سورج نہیں دیکھ سکتی آج وہ یہ سن رہے ہیں اگلی باری پھر نیازی۔