لاہور، 21 اگست (اے پی پی): اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ میں اگلی حکومت تحریک انصاف بنا رہی ہے ،سندھ میں وفاق کے منصوبے آ رہے ہیں لیکن سندھ حکومت کچھ نہیں کر رہی ،ہمارے منصوبے غریب لوگوں کے دل کے قریب ہیں ،ہم سندھ کے لوگوں کو پیپلز پارٹی سے نجات دلائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹر اعجاز چوہدری کے ہمراہ یہاں ہفتہ کے روز مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے تین سال مکمل ہو چکے ہیں ،ہم نے بڑی مشکل سے یہ وقت گزارا ہے ،ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا جس کو وزیر اعظم عمران خان نے بچایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے دنیا بھر میں بڑی بڑی معیشتیں تباہ ہوئی ہیں لیکن اللہ کے فضل و کرم اور عمران خان کی بہتر حکمت عملی سے ہمیں بڑا نقصان نہیں ہوا،پاکستانیوں نے اب کورونا کے ساتھ رہنا سیکھ لیا ہے ۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سندھ کے بچوں کو تعلیم سے دور رکھنا چاہتے ہیں ،یہ تعلیم اور صحت دشمن پارٹی ہے ،چودہ اگست کے واقعے کی مذمت کرتا ہوں،14 اگست کو ٹھٹھہ میں بچی کو قبر سے نکال کر زیادتی کی گئی ،وہاں کے نامور بدمعاش نے یہ سب کچھ کیا، غفلت کے مرتکب پولیس افسران کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی،پنجاب میں لادی گینگ کے خلاف فوری ایکشن ہوتا ہے ،لیکن سندھ میں کچے کے ڈاکووں کو کوئی نہیں پکڑ سکا،سندھ میں ڈاکو سرعام دندناتے پھرتے ہیں انہیں کوئی روکنے والا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس والے سی ایم ہا وس میں مال دیتے ہیں ،اسی وجہ سے کسی کی ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں ہوتی ،پولیس کی گاڑیوں میں منشیات فروشی ہو رہی ہے، ایس ایچ او کے گھر سے منشیات برآمد ہو رہی ہے ،انہوں نے صوفیوں کی سرزمین کو ڈاکووں کی سر زمین بنا دیا ہے،انہوں نے یکساں نظام تعلیم کی مخالفت کی ہے ،ان کو پتا ہے کہ جس دن غریب آدمی کا بچہ پڑھ گیا ان کو ووٹ نہیں دے گا،بہت سارا ٹیلنٹ اسی وجہ سے مر گیا ہے کہ ان کو انگلش نہیں پڑھائی گئی۔