پی ٹی آئی پہلی حکومت ہے جو انتخابی اصلاحا ت پر کام کر رہی ہے، اس حوالے سے اپوزیشن کی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین

11

اسلام آباد۔31اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ  پی ٹی آئی پہلی حکومت ہے جو انتخابی اصلاحا ت پر کام کر رہی ہے، اس حوالے سے اپوزیشن کی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور مشیر برائے پارلیمانی امور نے اجلاس کو الیکٹرانک مشینوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو حق رائے دہی کا اختیار دینے کے حوالے سے پیشرفت سے آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ انتخابی عمل سے متعلقہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے سامنے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی عملی کارکردگی کا مظاہرہ پیش کیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گذشتہ روز خیبرپختونخوا اسمبلی میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا عملی نمونہ پیش کیا گیا۔ مشیر پارلیمانی امور نے 2013_ الیکشن کے حوالے سے اٹھائے جانے والے تحفظات کے نتیجہ میں قائم ہونے والے انکوائری کمیشن کی سفارشات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ الیکٹرانک مشینوں کو متعارف کرانے سے تمام تحفظات کو دور کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ  اصلاحات کا مقصدملک میں جمہوریت کو مضبوط بنانا اور آنے والی نسلوں کی بہتری ہے۔شفاف اور قابل اعتماد الیکشن جمہوریت کی اصل طاقت ہے، پیپر بیلٹ سے متعلقہ تحفظات کو صرف اور صرف الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے دور کیا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ موجودہ حکومت پہلی حکومت ہے جو انتخابی اصلاحا ت پر کام کر رہی ہے، ماضی میں کسی حکومت نے اس معاملہ پر توجہ نہیں دی تاہم اپوزیشن انتخابی اصلاحات کے حوالہ سے سنجیدہ نظر نہیں آ رہی، انتخابی اصلاحات کے حوالہ سے اپوزیشن کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے، حکومت انتخابات کا طریقہ کار غیر جانبدارانہ، شفاف اور منصفانہ بنانا چاہتی ہے کیونکہ اس کے بغیر جمہوریت کا تصور نہیں ہے، پاکستان کے مسائل کا واحد حل صرف جمہوریت ہے۔