چاول کی پیداورمیں اضافہ کیلئے تحقیق ضروری ہے؛ صدر مملکت عارف علوی کا 100بہترین رائس ایکسپورٹرزمیں ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

17

کراچی،28اگست  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ برآمدات کا فروغ ملکی معیشت کیلئے ضروری ہے اوراس حوالے سے زرعی شعبہ کاکرداراہم ہے، فی ایکڑ پیداوار میں کمی کی وجہ ماضی میں تحقیق کے شعبہ کو نظرانداز کرنا ہے۔

 ان خیالات کا اظہا رانہوں نے ہفتہ کے روز مقامی ہوٹل میں رائس ایکسپوٹرزایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ چاول کی پیداورمیں اضافہ کیلئے تحقیقاتی اداروں کا کردار نہایت اہم ہے کیونکہ معیاری بیج اورزرعی ادویات کی فراہمی کے بغیر زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں غیر مستند اور غیر میعاری بیج کی وجہ سے چاول اور دیگر اجناس کی پیدوار میں خاطر خوہ  اضافہ نہیں ہوا، حکومت کوشش کررہی ہے کہ کسانوں کومعیاری بیج کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نئی ورائٹی کے مستند بیج کی تیاری اور مارکیٹنگ کیلئے 6سے 7سال تک کا وقت درکار ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی استعمال کے پانی کی قلت سے نمٹنے کیلئے جدید اورمئوثر نظام اختیار کرنا ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ رقبہ کو زیرکاشت لاکرچاول اور دیگر زرعی اجناس میں اضافہ کیا جاسکے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اچھے اور بروقت فیصلوں سے پاکستان ترقی کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک کے مقابلے میں پاکستان میں کورونا وباسے کم نقصان ہوا،پاکستان نے کورونا وبا کا مقابلہ کیا اواچھی منصوبہ بندی کے ذریعے نقصانات کو کم کیااورر معیشت بھی بہتر ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران حکومت نے لوگوں کی مالی مدداور ہمدری کی مثال قائم کی۔

اس موقع پر صدر مملکت نے 100بہترین رائس ایکسپورٹرزمیں ایوارڈز تقسیم کئے۔