چترال، 26 اگست(اےپی پی): نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر اہتمام جغور سے دنین تک 3.2کلومیٹر سڑک پر تارکول کا آغاز کردیا گیا۔ صوبائی وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ نے فیتہ کاٹ کر اس سڑک کی پحتگی کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے سابقہ صدر عبد الطیف، شہزادہ سکندر الملک، آفتاب احمد اور علاقے کے عمائدین بھی موجود تھے۔ سڑک پر 48719993.00 روپے کی لاگت آئے گی۔
اے پی پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ چترال میں اتنے ترقیاتی کام نہیں ہوئے جتنے ہونا چاہئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین نے اس سے پہلے بی بی فوزیہ کو خصوصی نشت پر صوبائی اسمبلی کا رکن بنایا تھا اور اب اس بار وزیر زادہ کیلاش کو نہ صرف ایم پی اے بنایا بلکہ اسے وزیر اعلی کا معاون خصوصی بھی بنایا جو چترال کیلئے اچھا شگون ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چترال ہماری پہلی ترجیح ہے جسے ہم ترقی دینا چاہتے ہیں اس مرتبہ ہماری کوشش ہوگی کہ چترال کو ایک ماڈل ضلع بنایا جائے۔ہماری حکومت پن بجلی گھر بنائے گی اور لوگ بجلی استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا اکثر لوگ مہنگائی کا شکوہ کرتے ہیں تو اس بار ہم ایک ایسا پیکیج دیں گے جو سب کیلئے حیران کن ہوگا اور اس سے مہنگائی پر کافی حد تک قابو پایا جائے گا۔