سکھر،11اگست (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر جاوید احمد نے کہا ہے کہ سکھر میں ایک گھر میں چمکادڑوں کے حملے اور شہری کے زخمی ہونے والی خبر میں صداقت نہیں، ہم نے تحقیقات کی ہے۔
چمکادڑوں کے حملے سے شہری کی زخمی ہونے کی خبر پبلک پارک لب مہران کے درختوں پر ہزاروں کی تعداد میں خوفناک قسم کے چمکادڑوں کے ڈیرے ڈال دینے کے بعدپھیلی تھی تاہم ڈپٹی کمشنر جاوید احمد نے کہا کہ کیونکہ یہ چمکادڑ پھل اور سبزیاں کھاتے ہیں، اسلیے انسانوں کو ان سے کوئی خطرے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چمگادڑوں کی نسل کم ہورہی ہے جنہیں مارنے کے بجائے حفاظت کرنے کی ضرورت ہے، تاہم انہیں شہری علاقوں سے مناسب طریقے سے بھگانے کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایات دی گئی ہیں،شہریوں کو آگاہی بھی فراہم کی جائیگی۔
اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی رانا محمد عمر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوام میں چمگادڑوں کے سلسلے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے میڈیا، سوشل میڈیا پر مہم چلائی جائے اور لب مہران سمیت دیگر علاقوں میں آگاہی کے بینر آویزان کیے جائیں تاکہ شہریوں کو چمگادڑوں کے بارے معلومات مل سکے اور وہ ان سے دور رہیں۔