ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی سے خیبرپختونخوا پروانشل مینجمنٹ سروسز کے بیچ 86 کے وفد کی ملاقات

9

اسلام آباد،30اگست  (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا ہے کہ نئی نسل کو معاشرے کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے،معاشرے کی ترقی میں خواتین کی بہت اہمیت ہے، خیبرپختونخواہ پروونشل منیجمنٹ سروسز کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو خیبرپختونخوا پروانشل مینجمنٹ سروسز کے بیچ 86 کے وفد سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔ دورے کا مقصد وفد کوقانون سازی اور پالیسی سازی سے روشناس کرانا تھا۔

 اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ  نئی نسل کو معاشرے کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے،معاشرے کی ترقی میں خواتین کی بہت اہمیت ہے، ملک کی ترقی کیلئے ہمیں نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں نوجوانوں کی آبادی زیادہ ہے، آپ جیسے نوجوانوں کا آگے آنا بہت خوش آئند ہے، آپ لوگوں کو اللہ نے موقع دیا ہے اس کو ضائع نہ کریں، معاشرے میں اپنا اچھا نام بنانے کی کوشش کریں،پاکستان اور معاشرے کی ترقی کیلئے ہمیں آپ جیسے لوگوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے تمام علاقے ایک جیسے ہیں کسی علاقے کو دوسرے علاقے پر فوقیت نہیں، جس اسکول سے میں نے تعلیم حاصل کی ابھی بھی ویسا ہے آپ لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ اسکولوں کو بہتر بنائیں، بحیثیت ڈپٹی چئیرمین سینیٹ میری کوشش ہوتی ہے کہ ایسی قانون سازی اور پالیسی لے کر آئوں جو آنے والی نسل کیلئے بہتر ہو۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، پانی کا بحران بڑے چیلنجز ہیں، اس پر قابو پانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، وزیراعظم عمران خان کی بلین ٹری سونامی کو دنیا بھر میں پزیرائی ملی، ہماری آنے والی نسلوں کو اسکا فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پروونشل منیجمنٹ سروسز کی کارکردگی قابل ستائش ہے، رتبہ، طاقت یہ چیزیں اہمیت نہیں رکھتی بلکہ آپکا رویہ، اخلاق وہ اعمال ہیں جس کی وقعت ہے، لوگ آپ کے اخلاق اور روئیے سے زیادہ متاثر ہوں گے، معاشرے میں پیار، محبت کو پھیلائیں تاکہ لوگ آپ سے ڈرے نہیں بلکہ آپ کے پاس آئیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے میرے اچھے اخلاق اور اچھے رویے کی وجہ سے زیادہ ووٹ ملے، اپوزیشن سے بھی میرے بہتر تعلقات ہیں، لوگوں سے اچھا برتائو کریں اور معاشرے کو مثبت پیغام دیں،ایسا کام کریں کہ لوگ آپ کو یاد رکھیں اور آپ سے خوش ہوں، اس معاشرے میں فردواحد کی بہت زیادہ اہمیت ہے، انسان کی قدر کرنا سیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کیلئے اگر کسی قانون سازی کی ضرورت ہے تو اس کیلئے میرا تعاون آپ کے ساتھ ہوگا۔

وفد نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے سوالات بھی کئے اور مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وفد کے سوالوں کے تسلی بخش جوابات دیئے اور مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔

چیف انسٹرکٹر 17 کامن پی اے ایس مشتاق جدون نے ترغیبی گفتگو پرڈپٹی چئیرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے وفد کے تمام ممبران کو بھی یادگاری شیلڈ پیش کی۔ وفد نے سینیٹ ہال کا بھی دورہ کیا۔