ڈیجیٹل فرنچائز پوسٹ آفس سسٹم کے تحت پرانے مینوئل نظام کو ڈیجیٹلائزکر رہے ہیں،مراد سعید

27

اسلام آباد۔6اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروس مراد سعید نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل فرنچائز پوسٹ آفس سسٹم کے تحت پرانے مینوئل نظام کو ڈیجیٹلائزکر رہے ہیں ، ڈیجیٹل فرنچائز کے لیے 10 ہزار نوجوانوں نے درخواستیں دیں ،476 نوجوانوں کو ڈیجیٹل فرنچائز دے دیں، مزید 2100 کی منظوری ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان پوسٹ اور بینک آف پنجاب کے درمیان کامیاب جوان پروگرام کے تحت فرنچائزڈ پوسٹ آفسز کے قیام کے لئے قرضے کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار اور بینک آف پنجاب کے شکر گزار ہیں جس کی وجہ سے آج یہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان پوسٹ آفس نوجوانوں کو فرنچائز پوسٹ آفس سے کے قیام کے لئے منظوری دے گا جبکہ بینک آف پنجاب کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 10 ہزار سے زائد نوجوان فرنچائز پوسٹ آفسز کے قیام کے لئے درخواستیں دے چکے ہیں جن میں سے 2700 درخواستیں منظور ہو چکی ہیں ۔